سعودیہ میں ساڑھے8ہزارپاکستانی متاثرہوئے،صدرالدین

سعودیہ میں ساڑھے8ہزارپاکستانی متاثرہوئے،صدرالدین

اسلام آباد(ڈی این ڈی )وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کو بتا یا ہے کہ سعودی عرب میں تین کمپنیوں کے 35 ہزار ورکرز متاثر ہوئے ہیں جن میں سے آٹھ ہزار پانچ سو پاکستانی ہیں۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر باز محمد خان کی زیر صدرات پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جمعرات کے روز منعقد ہوا جس میں سینیٹر ز اورنگرزیب خان، حافظ حمد اللہ ، سردار فتح محمد حسنی ، سردار محمد یعقوب خان ناصر ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم،رحمان ملک ، حاجی سیف اللہ خان بنگش، نگہت مرزا کے علاوہ وفاقی وزیر پیر سید صدرالدین شاہ راشدی ، سیکرٹری سمندر پار پاکستانی ، منیجنگ ڈائریکٹر سمندر پار پاکستانیز(او پی ایف) ، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ امور کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سمندر پار محصور پاکستانیوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ سعودی عرب میںآٹھ کیمپوں کا دورہ کیا اور تمام جگہوں پر محصور پاکستانیوں کے مسائل تفصیل سے سنے۔ پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے بتایا کہ سعودی عرب میں تین کمپنیوں کے 35 ہزار ورکرز متاثر ہوئے ہیں جن میں سے آٹھ ہزار پانچ سو پاکستانی ہیں جبکہ زیادہ تعداد بھارتیوں کی ہے ۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ انہوں نے سعودی صحت و لیبر کے وزیر سے ملاقاتیں کیں اور پاکستانیوں کے مسائل بارے آگاہ کیا ۔سعودی وزیر نے پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کو یقین و احساس دلایا کہ محصور پاکستانیوں کو اپنے شہریوں کی طرح ڈیل کیا جارہا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر سمندر پار پاکستانیز نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ اس وقت سعودی عرب میں26 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جن میں سے 22 لاکھ ورکرز ہیں اور سالانہ پانچ لاکھ افراد سعودی عرب جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2016 سے پاکستانی ورکرز کے مسائل سامنے آنا شروع ہوئے۔ قائمہ کمیٹی نے سفارش کی کہ ورکرز کو واپس وطن بھیجنے کے بجائے متبادل کام حاصل کرنے میں مدد کی جائے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ معاملے کی پوری انکوائری کی جائے اور جو لوگ ملوث ہیں ان کے خلاف ایکشن کی رپورٹ قائمہ کمیٹی کو بھیجی جائے ۔انہوں نے کہا کہ او پی ایف کے پاس اربوں روپے جمع ہیں ان سے متاثرین کی مدد کی جائے ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ساڑھے پانچ ہزار لوگوں میں سے 48 سو کو چیک فراہم کر دیئے گئے ہیں باقی ماندہ کو تصدیق کے بعد فراہم کر دیئے جائیں گے ۔

مزید : علاقائی


loading...