ماڈل ایان علی پر کسٹم انسپکٹر اعجاز چوہدری کے قتل کے مقدمے میں انسدادِ دہشتگردی کی دفعات کا اضافہ
راولپنڈی (این این آئی)پنجاب کی پولیس نے ماڈل ایان علی پر کسٹم انسپکٹر اعجاز چوہدری کے قتل کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کا اضافہ کردیا ہے جبکہ اس مقدمے کی تفتیش کرنے والی ٹیم کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے ۔جمعرات کو ملزمہ ایان علی اس مقدمے میں اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے مقامی عدالت پہنچیں تو اس مقدمے کے سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کسٹم انسپکٹر کے قتل کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعہ سات کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ عدالت ملزمہ کا بیان ریکارڈ کرنے کی مجاز نہیں ۔سرکاری وکیل کی طرف سے اس مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہونے والے مقدمے کی نقول بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔نقول کو دیکھنے کے بعد عدالت نے ملزمہ کو حکم دیا کہ وہ اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔راولپنڈی پولیس کے اہلکار کے مطابق کسٹم انسپکٹر اعجاز چوہدری کے قتل کے مقدمے کی تفتیش محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے سپرد کر دی گئی ۔
دفعات کا اضافہ