اسرائیلی فوج کا غرب اردن میں وحشیانہ کریک ڈاؤن
رام اللہ (این این آئی) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران پانچ فلسطینی صحافیوں کو حراست میں لے لیاگیا جس کے بعد صہیونی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی صحافیوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق فلسطین اسیران سٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے الخلیل میں دورا کے مقام سے نشریات پیش کرنیوالے مقامی ریڈیو چینل’السنابل‘ کے دفتر پرچھاپہ مار کر دفتر کو سیل کر دیا اور وہاں پر موجود پانچ صحافیوں کو حراست میں لینے کے بعد اذیتی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حراست میں لئے گئے فلسطینی صحافیوں کی شناخت محمدعمران، نضال عمر، احمد الدراویش، حامد النمورہ اور منتصر نصار کے ناموں سے کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے فلسطینی صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی پریس کلب دو ارکان عمر نزال اور سرطان کے مریض صحافی بسام السائح کو چند ماہ قبل حراست میں لیا گیا۔ ان کی خرابی صحت کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا ہے۔