پی ٹی آئی کل اپنی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

پی ٹی آئی کل اپنی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنان کل ( ہفتہ) کولاہور میں شاہدرہ سے چئیرنگ کراس تک ریلی نکالے گی اور اپنی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی پی ٹی آئی کی طرف سے پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی ،(ق) لیگ اور عوامی تحریک سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی اس احتساب مارچ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دیدی گئی ہے اور تحریک انصاف پر امیدہے کہ احتساب مارچ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں اور عام عوام کی کثیر تعدادبھی شریک ہو گی ۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی سربراہی میں شاہدرہ چوک سے احتساب مارچ کا آغاز کیا جائے گا جو بھاٹی چوک ، ناصر باغ اور ہائیکورٹ چوک سے ہوتاہوا چیئرنگ کراس چوک مال روڈ پہنچے گا مارچ کے شرکاء کے استقبال کے لئے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ بھی لائے جائیں گے۔ تحریک انصاف کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کی طرف سے احتساب مارچ کوکامیاب بنانے کیلئے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں اوراس سلسلہ میں کارکنوں کوبھی متحرک کیا جارہاہے احتساب مارچ میں کارکنوں اور عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے میٹنگز اوردیگر سر گرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تحریک انصاف نے احتساب مارچ کے موقع پر اپنے طور پر بھی سکیورٹی فرائض سر انجام دینے کے لئے تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں جبکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے خواتین کی حفاظت کیلئے مرکزی رہنماؤں کو ڈیوٹیاں سونپی جائیں گی جو احتساب مارچ اور بعدازاں مال روڈ پر خطابات سننے والی خواتین کو سکیورٹی حصار میں رکھنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔ دوسری طرف پولیس اورضلعی انتظامیہ نے بھی تحریک انصاف کے احتساب مارچ کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات شروع کر دئیے ہیں۔

مزید : صفحہ اول