ضمنی انتخابات کے نتائج نے دھرنا سیاست کا دھڑن تختہ کر دیا ، شہباز شریف

ضمنی انتخابات کے نتائج نے دھرنا سیاست کا دھڑن تختہ کر دیا ، شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اورعوام کے بھرپور اعتماد کے باعث جہلم اور وہاڑی کے ضمنی الیکشن میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیابی ملی ہے اورعوام نے الزام تراشی اور منفی سیاست کو ووٹ کی طاقت سے ایک بار پھر شکست دی ہے۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار جہلم اور وہاڑی کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواران کی کامیابی پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خدمت، دیانت اور شفافیت کی سیاست کو عوام نے ایک بار پھر کامیاب کرایاہے۔ضمنی الیکشن کے نتائج دھرنا سیاست کرنے والوں کیلئے ایک سبق ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نتائج نے ثابت کیا ہے کہ عوام صرف خدمت کی سیاست پسند کرتے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی بے لوث عوامی خدمت کا نتیجہ ہے۔وہاڑی اورجہلم کے عوام نے شرافت ‘خدمت ‘ دیانت،شفافیت اور امانت کی سیاست کو کامیاب کراکے وزیراعظم محمد نوازشریف کی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے نتائج نے دھرنا سیاست کا دھڑن تختہ کردیا ہے اور اس امر کا فیصلہ دیا ہے کہ ملک میں منفی سیاست کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم اوروہاڑی کے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی عوام کا وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پالیسوں بھر پور اعتماد کا اظہار ہے اور عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن ) کی قیادت سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کانتیجہ دھرنا دینے والوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔نتیجہ نے اس امرپر پھرمہر تصدیق ثبت کردی ہے کہ تبدیلی نعروں سے نہیں بلکہ عوامی خدمت سے آتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا ہے اور وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اور محکمہ صحت میں اصلاحات کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری طبی سہولتیں عام آدمی کا حق ہے اور یہ حق حکومت انہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال سرکاری ہسپتالو ں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے فراہم کئے جانے وسائل ضائع نہیں ہونے دوں گا اور وسائل کی پائی پائی حق دار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کیلئے معیاری علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے مربوط پروگرا م پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالو ں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے مرحلہ وار پروگرام پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ دو برس کے دوران تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کا ٹاسک مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی برس 40 ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کا کام مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صفائی اور دیگر خدمات کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے ، ہسپتالوں میں تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے آلات اور مشینری کو بھی آؤٹ سورس کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی خریداری، ہسپتالوں میں تقسیم اور مریضوں کو مفت فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ مفت ادویات کی فراہمی میں خوردبرد کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں تعینات نئے عملے کی بیرون ملک تربیت کا فوری انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں اصلاحاتی پروگرام اور دیگر منصوبوں کا باقاعدگی سے خود جائزہ لوں گا۔سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نے صحت کے اصلاحاتی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے 5 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں صفائی اور دیگر خدمات کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، خواجہ احمد حسان، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن، چیئرمین ٹاسک فورس برائے اطلاعات و ثقافت اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ینگ پریزیڈنٹس آرگنائزیشن کے وفد نے علی جمیل کی سربراہی میں ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ینگ پریزیڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے لاہور میں آئندہ برس کے آغاز میں تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے اوراس تقریب کے انعقاد سے پاکستان کاسافٹ امیج مزید اجاگر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تحمل ،برداشت اور رواداری کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرور ت ہے کیونکہ عدم برداشت کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مثبت پالیسیاں اپنائی ہیں جس کے باعث آج پنجاب سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ مواقع رکھتا ہے۔ صوبائی وزیر آصف سید منہیس،سیکرٹری سپورٹس،چےئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،چےئرمین ٹاسک فورس برائے اطلاعات و ثقافت اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے ۔

شہبازشریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترک تعلقات کے مزید فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ ترک وفد نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو ترکی کے کامیاب ترین دورے پر مبارکباد دی اورترک سرمایہ کاروں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا حالیہ دورہ ترکی ترک قیادت اور ان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تھا۔ دورے کے دوران ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم بن علی یلدرم اور دیگر قیادت کے ساتھ انتہائی مفید ملاقاتیں ہوئیں اور شعبہ صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنے عظیم قائد رجب طیب اردوان کی قیادت میں جس طرح بغاوت کی کوشش ناکام بنائی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ترک عوام نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ٹینکوں کے سامنے لیٹ کر جمہوریت کا کامیاب دفاع کیا اور ترکی کے عوام نے جمہوریت کیلئے عزم و ہمت کی نئی داستان رقم کی ہے۔ ترک قونصل جنرل نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں ریکارڈ ترقی ہوئی ہے۔میری کوشش ہوگی کہ پنجاب اور ترکی کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں۔ ترکی کے سرکردہ بزنس ہاؤسز کے سربراہان اطالیہ ڈیمر یرلیکیا ، صدر فارن اکنامک ریلیشنز بورڈ ترکی عمر سیاد وردان ، چیئرمین ٹمسیڈیاسر دوغان ، لاہور میں تعینات ہونے والے ترکی کے پہلے قونصل جنرل سردار ڈینیز اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، چوہدری محمد شفیق، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : صفحہ اول