ایک فعال و خوشحال معاشرے کا قیام ہمارے لئے چیلنج ہے ، پرویز خٹک

ایک فعال و خوشحال معاشرے کا قیام ہمارے لئے چیلنج ہے ، پرویز خٹک

پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سٹیٹ چلڈرن کی رہائش، تعلیم و تربیت اور بحالی کیلئے ناساپہ میں صوبائی حکومت کے مجوزہ منصوبے " زمنگ کور" کا 25 نومبر کو باضابطہ افتتاح کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے ۔انہوں نے منصوبے سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے ماسٹر پلان اور مستقبل کا لائحہ عمل تشکیل دینے کا حکم دیا اور کہا کہ منصوبے کیلئے400ملین روپے منظور کئے گئے ہیں جس میں سے 157 ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ جاری کر دی گئی جو ایک انڈونمنٹ فنڈ ہو گی جبکہ ضرورت کے مطابق حکومت زمین کا بھی بندوبست کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے شہزاد رائے کو بورڈ کا ممبر بنانے اور پیچیدگیوں سے پاک قابل عمل رولز اینڈ ریگولیشن بنانے کا حکم دیا ۔وہ وزیرعلیٰ ہاؤس پشاور میں " زمنگ کور" منصوبے کی تازہ ترین پیش رفت سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان،شہزاد رائے اور چیئرمین بورڈ امتیاز گیلانی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ منصوبے کا بنیادی مقصد صوبے کے سٹیٹ چلڈرن کی تعلیم و تربیت اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک فعال و خوشحال معاشرے کا قیام ہمارے لئے چیلنج ہے اور سٹیٹ چلڈرن بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں اور معاشرے کے دیگر طبقات کی طرح صوبائی وسائل میں برابر کے حصہ دار ہیں۔ ہم نے ان کی فلاح و بہبود سے بھی عہد ہ برآہونا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ ایسا طریق کار وضع کیا جائے جس کے ذریعے سٹیٹ چلڈرن تعلیم حاصل کریں، ان کی تربیت کا بھی اہتمام ہو ، ان کی گرومنگ بھی ہو سکے اور معاشرے کا ایک مفید فرد بن کر قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے قابل ہو سکیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بچوں کی پرورش ، کلچر اور روایات کے مطابق یقینی بنائی جائے ۔ بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ ان بچوں کی صلاحیتوں کو نکھار کر معاشرے کیلئے فائدہ مند بنایا جا سکے۔ پرویز خٹک نے سٹیٹ چلڈرن کیلئے منصوبے کے تحت سپورٹس گراؤنڈ تعمیر کرنے اور کھیلوں کی مناسب سہولیات کا بندبست یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کا بھی مناسب انتظام کیا جائے۔ پرویز خٹک نے منصوبے اور اس کے تحت دی جانے والی سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ کیونکہ ہم نے اسے ایک برانڈ کی طور پر مارکیٹ کرنا ہے اور ملک بھر کیلئے ایک مثال قائم کرنی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پسے ہوئے اور کمزور طبقے کی پرورش اور تربیت معاشرے اور حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ سٹیٹ چلڈرن کا بھی اس معاشرے پر حق ہے انہیں بھی دیگر عوام کی طرح ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے پاؤں پرکھڑے ہو سکیں ۔ عمران خان نے منصوبے میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے پرزور دیا اور کہا کہ چیئر یٹی ہمیشہ کوالٹی کی مرہون منت ہے ۔ اگر طریق کار شفاف ہو تو چیئر یٹی دینے والے مطمئن ہوتے ہیں اور بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالتے ہیں بصورت دیگر ان کا اعتماد ختم ہو جا تا ہے جو چیئریٹی پر انحصار کرنے والے فلاحی اداروں کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ معیار اور شفافیت کے ضمن میں شوکت خانم ہسپتال اور نمل یونیورسٹی ہمارے لئے زندہ مثالیں ہیں انہوں نے کہاکہ سٹیٹ چلڈرن زیادہ محنتی اور سخت جان ہوتے ہیں کیونکہ انہیں وقت کی مشکلات اور مصائب کا ادراک ہوتا ہے انہوں نے بتایا کہ جب وہ ایچ ای سن میں پڑھتے تھے تو کھیلوں میں سٹیٹ چلڈرن کا مقابلہ نہیں کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سٹیٹ چلڈرن کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُبھارنے کیلئے تخلیقی سرگرمیوں پر بھی بھر پور توجہ دی جائے۔ قبل ازیں چیئرمین بورڈ امتیاز گیلانی نے منصوبے کیلئے تاحال اُٹھائے گئے اقدامات اور پیش رفت سے متعلق اجلاس کو بریفینگ دی۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...