شام میں داعش کے لیڈر ابو محمد العدنانی کی ہلاکت کی دہری تصدیق

شام میں داعش کے لیڈر ابو محمد العدنانی کی ہلاکت کی دہری تصدیق

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) شام میں ایک فضائی حملے کے ذریعے داعش کے ایک اہم لیڈر ابو محمد العدنانی کی ہلاکت کی دوسری تصدیق ہوگئی ہے۔ وہ اس تنظیم کے بنیادی ارکان میں شامل تھا اور اہم ترین حکمت کار تھا۔ پینٹا گون نے بدھ کی شام اس کی باقاعدہ تصدیق کردی جس کے دوران روس کا یہ دعویٰ بھی سامنے آگیا کہ داعش کا لیڈر ان کے حملے کے نتیجے میں ہلاک ہوا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کک نے یہاں ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ ان کے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہوسکے کہ داعش کا لیڈر روس کے دعویٰ کے مطابق منگل کے روز ان کے جہاز سے بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہوا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شام میں روس کی فوجی مہم کا زیادہ تر زور شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کی مدد پر صرف ہوتا ہے اور ہماری اطلاع کے مطابق داعش کی قیادت کو نشانہ بنانا ان کی ترجیح میں شامل نہیں ہے۔ پینٹا گون کے ترجمان نے شام کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ وہاں داعش کے خلاف تمام قوتیں آپس میں ہم اہنگ نہیں ہیں جس کا فائدہ اس دہشت گرد تنظیم کو پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی امریکہ کا اتحادی ضرور ہے اور داعش کے خلاف جنگ میں اتحادیوں کی مدد کر رہا ہے لیکن ترکی کی جنگ میں شمولیت سے یہ پیچیدگی پیدا ہو رہی ہے کہ وہ کردوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں جو اس جنگ میں ہمارے اہم اتحادی ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...