واٹر سپلائی اسکیمز سے پینے کاصاف پانی میسر ہوگا‘فیاض علی بٹ

واٹر سپلائی اسکیمز سے پینے کاصاف پانی میسر ہوگا‘فیاض علی بٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)65ملین کی لاگت سے شروع ہونے والی دونوں سپلائی اسکیمز سے20 ہزار سے زائد لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا اس اسکیم سے گڈاپ کے قریبی دیہات بھی فائدہ اٹھاسکیں گے۔ اس بات کا اظہار صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ دیہی ترقی فیاض علی بٹ نے گڈاپ ملیر ٹاؤن کے دو دیہات گوٹھ ٹھارو مینگل اور آدم ہندو گوٹھ میں آر او پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ دیہی ترقی تمیز الدین کھیڑو‘ چیف انجینئر کراچی ڈویژن اکبر بلوچ اور چیف انجینئر حیدر آباد و سکھر نفیس شیخ اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر فیاض علی بٹ جب گڈاپ پہنچے تو علاقے کے منتخب بلدیاتی نمائندوں‘ پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیدار اور علاقہ مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر فیاض علی بٹ کا کہناتھا کہ عوام نے سندھ میں ہم پر اعتماد کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب کیا۔اس لئے ہم بلا تفریق‘رنگ و نسل‘ذات اور زبان کے ہر اس شخص کی خدمت پر یریقین رکھتے ہیں جو سندھ کا شہری ہے فیاض علی بٹ نے گوٹھ ٹھارو اور مینگل اور آدم ہندو گوٹھ میں علاقہ مکینوں کی تالیوں کی گونج میں واٹر سپلائی اسکیم کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر فیاض علی بٹ نے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے فردا فرا ملاقات کی اور انہیں ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ منتخب بلدیاتی نمائندے سخت محنت اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر