’’ٹائم ‘‘ میگزین کا امریکی تنظیم ’’سکھی ‘‘ کی خدمات کا اعتراف
کراچی (غلام مرتضیٰ)امریکی شہر نیویارک میں ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’’سکھی‘‘ کی خدمات کا بین الاقوامی شہرت یافتہ ’’ٹائم ‘‘ میگزین نے اعتراف کیا ہے ۔ ’’سکھی‘‘ نیویارک میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی شہری آغا صالح کی زیر سرپرستی اپنے امور انجام دے رہی ہے اور اس تنظیم نے ہی ڈائیورسٹی پلازہ کا نام تجویز کرتے ہوئے یہاں ثقافتی سرگرمیاں منعقد کرنے کی روایت ڈالی ۔’’سکھی‘‘ کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کو نہ صرف نیویاک بلکہ دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے اور مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد آغا صالح کی کاوشوں کے معترف ہیں ۔امریکا جیسے ملک میں جہاں بھارتی لابی کو انتہائی طاقتور سمجھا جاتا ہے وہاں کسی پاکستانی کی جانب سے اس کاوش کا پاکستان کی حکومت کی طرف سے کوئی اعتراف نہیں کیا گیا ہے ۔آغا صالح اس وقت امریکا میں پاکستان کے سوفٹ امیج کو ابھارنے کی ایک تحریک بنے ہوئے ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک سے امریکا آنے والے افراد کو پاکستان کا وہ چہرہ دکھارہے ہیں جس سے وہ لاعلم ہیں ۔امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ امریکا میں مقیم پاکستان کے اس سپاہی کی خدمات کا اعتراف کیا جائے جو اپنی تنظیم کے ذریعہ بھارت کے منفی پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دے رہا ہے ۔ان افراد کا کہنا ہے کہ اگر حکومتی سطح پر سرپرستی کی جائے تو آغا صالح اور ان کی تنظیم مزید موثر انداز میں پاکستان کا مقدمہ امریکا میں لڑسکتی ہے ۔حال ہی میں ’’سکھی‘‘ کی جانب سے 4جولائی کو امریکا کے یوم آزادی کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت اور یہ لوگ اپنے اپنے ثقافتی انداز میں امریکا کی آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوئے ۔آغا صالح کا نام اب امریکا سے نکل کر دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ’’ٹائم‘‘ میگزین بھی ’’سکھی‘‘ کو نظرانداز نہیں کرسکا ہے اور اس اپنے شمارے میں اس تنظیم کے حوالے سے خصوصی رپورٹ شائع کی ہے جو یقیناًپاکستان کے لیے بھی ایک اعزاز کی بات ہے ۔