عالمی اسلامی فنانس فورم 5ستمبر کو ہوگا،اسحاق ڈار مہمان خصوصی ہونگے
کراچی(اکنامک رپورٹر)وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار 5ستمبر کو شروع ہونے والی عالمی اسلامک فنانس فورم کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اس منفردکانفرنس میں محققین، ماہرِ تعلیم اور مختلف پریکٹیشنرز موجودہ دورمیں صنعتوں کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور اسلامی فنانس کی ترقی کو مزید تیز کرنے کے طریقوں پر غور کریں گے۔کانفرنس کا انعقاد CEIF IBAکے زیرِ اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں کیا جارہا ہے۔پریس کانفرنس سے خظاب کرتے ہوئے CEIF IBAکے ڈائریکٹر احمد علی صدیقی نے صحافیوں کو بتایا کہ اس کانفرنس میں گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا، چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی، چیئر مین شریعہ ایڈوائزری بورڈمیزان بینک مفتی محمد تقی عثمانی، مختلف اسلامی بینکوں کے صدوراور کئی ممتاز ملکی اور غیر ملکی شخصیات شرکت کریں گی۔اس موقع پر میزان بینک کے صدر عرفان صدیقی ، دبئی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جنید احمد اور آئی بی اے کے ڈائریکٹر اور ڈین ڈاکٹر فرخ اقبال بھی موجودتھے۔احمد علی صدیقی نے مزید بتایا کہ کانفرنس میں ممتاز علماء کرام،معروف ماہرِ تعلیم کے علاوہ اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ اسٹیٹیوٹ((IRTI،تھامسن رائٹر، ورلڈ بینک، اسلامک کارپوریشن فار ڈیویلپمنٹ آف پرائیوٹ سیکٹر، انٹرنیشنل اسلامک فنانس مارکیٹ ، اکاؤنٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائیزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹیٹیوٹس، ارنٹس اینڈینگ اور ڈیلائٹ کے نمائندے شرکت کریں گے۔آئی بی اے کے ڈین اور ڈائریکٹرڈاکٹر فرخ اقبال نے اس موقع پر بتایاکہ کانفرنس میں پیش کئے جانے والے تحقیقی مقالے اور کیس اسٹڈیز میں اسلامک فنانس کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ریگولیٹری اداروں ، اسلامی مالیاتی اداروں ، اسلامک بینکس، ایسٹ مینجمنٹ کمپنیز، مشاورتی فرمز اور تکافل اداروں سے تعلق رکھنے والے پچاس سے زائد ماہرین بھی اس کانفرنس کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ معروف علماء اور پریکٹیشنرز پر مشتمل کمیٹی تحقیقی مقالات اور کیس اسٹڈیز کی جانچ کرے گی۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے تحقیقی مقالے اور کیس اسٹڈی کو پانچ ہزار ڈالر جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے تحقیقی مقالوں کو بالترتیب تین ہزار ڈالر اور دو ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔اس موقع پر موجود میزان بینک کے صدراور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے کہا کہ اس منفردکانفرنس میں محققین، ماہرِ تعلیم اور مختلف پریکٹیشنرز موجودہ دورمیں صنعتوں کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور اسلامی فنانس کی ترقی کو تیز کرنے کے طریقوں پر غور کریں گے۔اس تعلیمی و صنعتی کانفرنس میں مستقبل کے معاشی اہداف، کاروباری ضروریات، سماجی مقاصد، صلاحیت کی تعمیر، میکرو اکنامک ہدف ، قانونی اور شرعی مضمرات پر غور کرنے کیلئے روڈ میپ اجاگر کیا جائے گا۔ اس موقع پر دبئی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جنید احمد نے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان خلیج ختم کرنے میں CEIF IBAکے کردار کو سراہا۔کانفرنس میں اسلامک فنانس انڈسٹری کی ممتاز شخصیات شرکت کررہی ہیں جن میں ڈاکٹر عباس انسیف چیئر آف اسلامک فنانس ، آئی آر ٹی آئی کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر اعظمی عمر، ہیڈ آف اسلامک فنانس تھامسن رائٹر مصطفی عادل، گروپ ہیڈ پراڈکٹ ڈیولپمنٹ اینڈ شریعہ کمپلائنس میزان بینک ڈاکٹر عمران عثمانی،چیف ایگزیکٹو آفیسر انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹ عجلال علوی، چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک اسلامی پاکستان حسن اے بلگرامی،چیف ایگزیکٹو آفیسر المیزان انوسٹمنٹ مینجمنٹ لمیٹڈ محمد شعیب، ڈاکٹر ضمیر اقبال ورلڈ بینک اسلامک فنانس ڈیولپمنٹ سینٹر (ترکی)، ڈاکٹر داؤد اشرف سینئر محقق آئی آر ٹی آئی جدہ ، نجم الحسن ڈائریکٹر ایف آئی ڈی ڈی، آئی سی ڈی جدہ، محمد رافع محمد حنیف چیف ایگزیکٹو آفیسرسی آئی ایم بی اسلامک بینک ملائیشیا، اشعر ناظم پارٹنر گلوبل اسلامک بینکنگ سینٹر ارنٹس اینڈینگ اور ڈاکٹر حاطم الطاہرڈائریکٹر اسلامک فنانس گروپ اسلامک فنانس نالج سینٹر لیڈربحرین شامل ہیں۔