جماعت اسلامی کی منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارک باد

جماعت اسلامی کی منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارک باد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کراچی سمیت سندھ بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ شہروں کی تعمیر ترقی ، صحت و تعلیم سمیت عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ بڑے عرصے سے بلدیاتی نظام اور منتخب نمائندے نہ ہونے کی وجہ سے پورا سندھ مسائلستان بنا ہوا ہے سندھ کی عوام پہلے ہی مہنگائی ، بے روز گاری اورصحت و تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کے فقدان سے پریشان تھے بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف عوام کے مسائل میں اضافہ بلکہ کراچی ، سکھر، حیدرآبادسمیت پورا سندھ صحت و صفائی کے بے شمار مسائل کی لپیٹ میں ہے ۔ روڈ راستے تباہ اور سیوریج کا سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے معمولی بارش پڑتے ہی روڈ راستے جل تھل ، گلی محلے میں کھڑا پانی تالاب اور گندے جوہڑ کی شکل اختیار کر جاتا ہے،گندگی وکچرے کے ڈھیر کی وجہ سے بچے اسکول اور نمازیوں وپیدل چلنے والوں کا گذرنا مشکل ہوجاتا ہے جبکہ ہمارا دین اسلام صفائی کو نصف ایمان قرار دیتا ہے۔ اسلئے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہروں کی تعمیر ترقی کے لئے کرپشن سے پاک اقدامات اور عوام کے مسائل کو حل کر کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں ۔ انہوں نے صوبائی حکومت پربھی زوردیاکہ وہ بلدیاتی نمائندوکو وسائل اور مکمل اختیار دے تاکہ وہ احسن طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دے سکیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر