پی ایس 127، ،پیپلزپارٹی کے امیدوار کی انتخابی مہم جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر پی ایس 127 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی پی پی کے نامزد امیدوار غلام مرتضیٰ بلوچ نے جمعرات کو بھی اپنے حلقہ انتخاب میں اپنی انتخابی مہم جاری رکھی۔ انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا اور کارنرمیٹنگز سے خطاب کیا۔ آج سومار کنڈانی میں ساجد سلیم کی رہائش گاہ ، حاجی سکھیو گوٹھ اور حلیم آباد ایف ساؤتھ میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی استحصال سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ جہاں مساوات ہو،برابری ہو اور غریب عوام کو معاشرے میں اہم مقام حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل میں غریب عوام کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ امیروں کا، غریب آبادیوں میں بھی پینے کا صاف پانی مہیا ہونا چاہئے۔ تعلیم اور صحت کی سہولتیں بھی ہوں نکاسی کا نظام بہتر ہو، صفائی کا نظام بھی ہونا چاہئے تاکہ عوام سکون سے رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ان تمام مسائل کے حل اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوششیں کرے گی۔