کسٹم انسپکٹر قتل: ایان علی پر دہشتگردی کی دفعہ لگ گئی
راولپنڈی(ویب ڈیسک) ماڈل ایان علی کو کسٹم انسپکٹر قتل کیس میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت ملزمہ نامزد کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ گلفام لطیف بٹ کی عدالت میں کسٹم انسپکٹر اعجاز چوہدری کے قتل کیس میں بیان ریکارڈ کرانے سے متعلق ماڈل ایان علی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مدعی صائمہ چوہدری کی درخواست پر مقدمے میں نامزد ملزمہ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 شامل کرلی گئی ہے جس کے بعد اب یہ کیس متعلقہ تھانے سے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ منتقل ہوگیا ہے، قانون کے تحت مقدمہ سی ٹی ڈی منتقل ہونے کے بعد وہ ملزمہ کا بیان ریکارڈ نہیں کرسکتے۔ اب اس کیس کی تفتیش سی ٹی ڈی کے افسران کریں گے۔تفتیسی افسر کا موقف سننے کے بعد عدالت نے ایان علی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کریں۔
واضح رہے کہ ایان علی نے اپنے وکیل کے توسط سے کیس میں تحریری بیان جمع کرایا تھا تاہم قانون کے تحت تفتیشی افسر نے اسے قبول کرنے سے انکارکرتے ہوئے ان کی حاضری کو لازمی قرار دیا تھا۔