حمیرا ارشد نشہ کرتی ہے وہ بچے کو خراب کردے گی،بچے کی تحویل کے مقدمہ میں احمد بٹ کا بیان

حمیرا ارشد نشہ کرتی ہے وہ بچے کو خراب کردے گی،بچے کی تحویل کے مقدمہ میں احمد ...
حمیرا ارشد نشہ کرتی ہے وہ بچے کو خراب کردے گی،بچے کی تحویل کے مقدمہ میں احمد بٹ کا بیان

  


لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج نے حمیرا ارشد کی طرف سے 5سالہ بچے مقتصین کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر کارروائی 5ستمبر تک ملتوی کردی،آئندہ سماعت پر وکلا اس نکتے پر بحث کریں گے کہ گارڈین جج کی عدالت میں کیس دائر ہو تو حبس بے جا کی درخواست دائر ہوسکتی ہے یا نہیں،عدالت میں گزشتہ روزسماعت شروع ہوئی تو احمد بٹ اپنے 5سالہ بیٹے کو گود میں اٹھائے اپنے وکیل اشتیاق چودھری کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ حمیراارشد چودھری نذیر ایڈووکیٹ کے ساتھ پیش ہوئیں۔عدالت میں کارروائی شروع ہونے پر حمیرا ارشد نے عدالت کو بتایا کہ اس کا بچہ اس کے پیار سے محروم ہے وہ بچے کے بغیر نہیں رہ سکتی باپ بچے کو نہیں پال سکتا۔چودھری نذیراحمد ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ احمد بٹ حمیرا ارشد کو طلاق دے چکا ہے اس نے طلاق دیتے وقت وعدہ کیا تھا کہ وہ بچے کو نہیں لے گا لیکن اس کے باوجود اس کے بچے کو ساتھ لے گیا۔ عدالت میں احمد بٹ کے وکیل اشتیاق چودھری نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے گارڈین عدالت میں بچے کی گارڈین شپ کے لئے دعوی دائر کررکھا ہے جب کیس گارڈین عدالت میں چل رہا ہو تو حبس بے جا کی درخواست دائر نہیں ہو سکتی۔احمد بٹ نے عدالت کو بتایا کہ حمیرا ارشد نشہ کرتی ہے وہ بچے کو بھی خراب کردے گی۔عدالت میں حمیرا ارشد نے اس کی تردید کی،عدالت کو بتایا کہ مجھے بچے سے محروم کرنے کے لئے الزام تراشی کی جا رہی ہے تاہم عدالت نے اس نکتے پر اگر کیس گارڈین عدالت میں ہو تو حبس بے جا کی درخواست دائر ہو سکتی ہے اس پر دونوں وکلا بحث کریں لیکن حمیراارشد کے وکیل نے بحث کے لئے 5ستمبر تک کے لئے مہلت طلب کرلی جس پرسماعت ملتوی کردی گئی۔عدالت میں سماعت کے بعد حمیرا ارشد اور احمد بٹ نے الگ الگ میڈیا سے بات کی حمیرا ارشد کا کہنا تھا کہ عدالت میں نشہ کرنے کا الزام غلط لگایا گیا ہے جبکہ احمد بٹ کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے وہ بچے کی خاطر خاموش تھا،تین طلاقیں دے چکا ہوں، میرا اب اس خاتون سے کوئی تعلق نہیں،میں نے الزامات لگانے پر 50کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھجوایاہے جبکہ حمیراارشد کا کہنا تھا کہ بچے کی خاطر وہ خاوند کے ہاتھوں بلیک میل ہوتی رہی اس نے کردار کشی کرنے پر احمد بٹ کو 10لاکھ روپے کا نوٹس بھجوا رکھا ہے۔دریں اثناگارڈین جج امین شہزاد کی عدالت میں احمد بٹ نے اپنے 5سالہ بچے کی گارڈین شپ کے لئے دعویٰ دائر کردیاجس پرعدالت نے حمیرا ارشد کو نوٹس جاری کردیا ہے۔سیشن کورٹ میں حمیرا ارشد کی طرف سے بچے کی بازیابی کے لئے دائر دعوے پر احمد بٹ نے گارڈین جج کی عدالت میں بچے کی گارڈین شپ کے لئے دعوے دائر کردیا ہے،یہ دعوی ان کے وکیل اشتیاق چودھری نے دائر کیا دعوے میں احمد بٹ نے موقف اختیار کیا کہ 5سالہ بچے کی گارڈین شپ اس کو دی جائے اس کے بچے کو اس سے چھیناجا رہا ہے عدالت نے دوسرے فریق کا موقف سننے کے لئے حمیرا ارشد کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

مزید : لاہور


loading...