لاہور ریلی سیکیورٹی رسک ،موخر کرنے کا مشورہ ,دہشت گردوں اور تحریک انصاف کا ایجنڈا ایک ہے :رانا ثناء اللہ خان

لاہور ریلی سیکیورٹی رسک ،موخر کرنے کا مشورہ ,دہشت گردوں اور تحریک انصاف کا ...
لاہور ریلی سیکیورٹی رسک ،موخر کرنے کا مشورہ ,دہشت گردوں اور تحریک انصاف کا ایجنڈا ایک ہے :رانا ثناء اللہ خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) صوبائی وز یرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور پی ٹی آئی کا طریقہ کار مختلف لیکن ایجنڈا ایک ہے،دہشت گرد ملک میں انتشار ، بے چینی پیدا کرنا چاہتے ہیں جبکہ عمران خان ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، لاہور اور پشاور کے حوالے سے مسلسل سکیورٹی الرٹس چل رہے ہیں ،عمران خان اپنی ریلی کو چند روز آگے کرلیں، کارکن عمران خان کو سمجھائیں،کارکنوں کی بات نہ ماننے والا ایک لیڈر تباہ ہو چکا ہے۔

ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ احتجاج کی سیاست سے ملک میں انتشار پھیلایا جارہا ہے ، کھلے علاقہ میں کوئی بھی احتجاج دہشت گردوں کا آسان ہدف ہوسکتا ہے،پشاور کے بعد لاہور دہشت گردوں کے لئے سافٹ ٹارگٹ ہوسکتا ہے، اس سے قبل حساس اداروں کے تھریٹ الرٹ کے مطابق پشاور میں افسوسناک واقعہ رونما ہوچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کی روشنی میں پی ٹی آئی کی ریلی کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات کرلئے ہیں، ر یلی کے روٹ سے ملحقہ راستوں پر سرچنگ کی جائے گی،شرکاء ریلی کو 3مختلف مقامات پر چیک کیا جائے گا۔وزیرقانون نے کہا کہ پولیس نے پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت کو تھریٹ الرٹ لیٹر جاری کردیا ہے، لیٹرکے مطابق ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پروگرام کرنا سکیورٹی رسک ہے، پولیس نے پی ٹی آئی سے ریلی کا پروگرام منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے تاہم 3ہزار سے زائد پولیس اہلکار شرکاء ریلی کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پشاور اور مردان میں دہشت گردی کے واقعات کے نتیجہ میں ہونے والے جانی نقصان پر عمران خان کو دونوں شہروں میں جانا چاہیے نہ کہ وہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے کارکنوں کو لاہور میں ریلی کی دعوت دیتے رہیں، عمران خان، وزیراعظم پر الزام لگاتے ہیں کہ انہوں نے اثاثے چھپائے ہوئے ہیں، اس پر انہیں متعدد بار کہا ہے کہ وہ عدالت یا متعلقہ فورم جائیں تو وہ اس ضمن میں ثبوت دینے کو تیار ہیں، آخر عمران خان نے بھی تو اپنی اولاد چھپائی ہوئی ہے ہم نے انہیں کبھی کچھ کہا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں پنجاب میں دہشت گردی کی ممکنہ کارروائی کی اطلاعات ہیں، ایسی کشیدہ صورتحال میں پی ٹی آئی رہنماوں کو دانشمندانہ فیصلے کرنے چاہئیں اور لاہور کی احتجاجی ریلی کو موخر کر دینا چاہیے، اس ضمن میں تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہےاور ان کو مشورہ دیا کہ وہ ریلی کو عید تک موخر کر دیں اور عید کے بعد خوب دل کی بھڑاس نکالیں۔ رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ریلی موخر کرنے کے حوالے سے کوئی مثبت ردعمل نہ ملا تو حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ریلی کے شرکاءکو تحفظ فراہم کرے گی۔

مزیدپڑھیں:دنیا کا شرمناک ترین خیمہ کھڑا کردیا گیا، ایسی سہولیات کہ جان کر شیطان بھی شرماجائے

مزید :

لاہور -