وزیرخوراک کے گندم کی پسائی نہ کرنے پر فلور مل کا سرکاری کوٹہ منسوخ کرنے کا حکم 

وزیرخوراک کے گندم کی پسائی نہ کرنے پر فلور مل کا سرکاری کوٹہ منسوخ کرنے کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے گندم کی بروقت پسائی نہ کرنے پر ہری پور میں مغل فلور مل کا سرکاری کوٹہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ احکامات انہوں نے گزشتہ روز ہری پور، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں مختلف فلور ملز کے اچانک دورے کے موقع پر دئیے،اچانک دورے کے موقع پر محکمہ خوراک کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر خوراک کے ہمراہ تھے۔ وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور سبسڈائز آٹے کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پرانہوں نے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صوبے بھر کی فلور ملز کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ یقینی بنائی جائے اور جو فلور مل گندم کی بروقت پسائی نہ کریں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ اچانک دوروں کا یہ سلسلہ جاری رہیگا، جس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا، جبکہ دوروں کا مقصد فلور ملز میں گندم کی بروقت پسائی، ڈیلرز کو سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی اور آٹے کے معیار کا معائنہ کرنا ہے۔ دورے کے موقع پر وزیر خوراک نے ہری پور، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں فلور ملز مالکان سے ڈیلرز کو سبسڈائزڈ آٹا فراہم کرنے کی تفصیلات بھی طلب کیں۔ قلندر خان لودھی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر فلور ملز کی بذاتِ خود نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی بروقت پسائی نہ کرنے اور آٹے کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔