جے یو آئی (س) کا صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کے واقعات پر غم 

جے یو آئی (س) کا صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کے واقعات پر غم 

  

پبی (نما ئندہ پاکستان)جمعیت علما اسلام (س)کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے کراچی، اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کی گستاخی اور طعن و تشنیع کے واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات امت مسلمہ کی دل آزاری کیساتھ ساتھ امت محمدی کو مشتعل کرنے کا سبب بنے ہیں، حکومت گزشتہ کچھ عرصہ سے ہونے والے ان گستاخانہ واقعات کے سرغنوں کی اگر بروقت سرکوبی کرتی تو مسلمانان وطن کے جذبات اس طرح مجروح نہ ہوتے اور نہ ہی ملک میں فرقہ ورانہ تعصب کی حالیہ فضا پیدا ہوتی۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ اہل تشیع کے ذمہ دار رہنما ان واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ان سے برات کا اعلان کریں اور اپنی صفوں میں موجود ایسے کرداروں کی بیخ کنی کریں، ملک دشمن عناصر ان واقعات کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں جن کی یہ خواہش نہ پہلے کامیاب ہوئی اور نہ ہی آئندہ کامیاب ہوگی ان شااللہ۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ کراچی واقعے کے کرداروں کے خلاف ایکشن لینے کا اعلان سابقہ اعلانات کی طرح محض اعلان ہی نہ ثابت ہو بلکہ اب عملاً ایسے مذموم کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور مستقبل کیلئے ایسی سازشوں کے آگے بند باندھنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -