ایئرپورٹ فلائی اوور کے پلرز کھسکنے لگے، حادثے کا خدشہ 

    ایئرپورٹ فلائی اوور کے پلرز کھسکنے لگے، حادثے کا خدشہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی میں حالیہ طوفانی بارشوں سے جہاں دیگر گوناگوں مسائل سامنے آئے ہیں ایسے میں کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل کے عین سامنے شارع فیصل کو نیشنل ہائی وے این فائیو سے ملانے والے ایئرپورٹ فلائی اوور کے جوڑ کھلنے لگے ہیں جن میں کئی انچ کی دراڑ آ گئی ہے جو آنے والے دنوں میں کسی خوفناک حادثے کا سبب بن سکتے ہے۔شارع فیصل پر اسٹارگیٹ سے نیشنل ہائی وے کی طرف جاتے ہوئے جناح ٹرمینل کے عین سامنے واقع فلائی اوور سے اترتے ہی نیشنل ہائی وے این فائیو شروع ہو جاتا ہے۔فلک ناز اپارٹمنٹ کے سامنے واقع یہ فلائی اوور چند سال پہلے مکمل ہوا تھا جس کے ستون پر رکھی گئی سیمنٹ کی بیمز میں فاصلہ بڑھنے لگا ہے جس کی نشاندہی موٹرسائیکلوں پر جانے والے طالب علموں کے ایک گروپ نے ویڈیو میں کی۔شارع فیصل سے ملیر ہالٹ کی طرف جانے کے لیے ٹریفک کو اس پل سے گزرنا ہوتا ہے۔ پل کے ستون پر رکھی دونوں بیمز کو ملانے کے لیے آہنی کلپ لگائے گئے تھے، پل کے سیدھے ہاتھ کے پلرز پر رکھی گئی بیمز کا فاصلہ بڑھنے لگا ہے جو اب تین سے چار انچ تک ہوگیا ہے۔اس سنگینی کا احساس تیز رفتاری سے جاتے ہوئے بڑی گاڑیوں میں سوار افراد کو تو نہیں ہوتا لیکن موٹر سائیکل سواروں کو جھٹکا لگتا ہے۔ شہریوں کے مطابق اس صورتحال پر فوری طور پر توجہ نہیں دی گئی تو آنے والے دنوں میں کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -