گورنر پنجاب کی دعوت اسلامی کے مرکزفیضان مدینہ آمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی دورہ کراچی کے موقع پردعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ آمد ہوئی،جہاں مجلس رابطہ کے ذمہ داران نے ان کو خوش آمدید کہا اور انہیں عالمی مدنی مرکز میں قائم مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔ نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری اور مولانا عبدالحبیب عطاری نے گورنر پنجاب کو حالیہ بارشوں کے بعد کراچی سمیت اندرون سندھ دعوت اسلامی کی جانب سے پیارے آقا کی دکھیاری امت کی خیر خواہی سمیت دیگر امدادی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مولانا عبدالحبیب عطاری نے بریفنگ میں بتایا کہ دعوت اسلامی حالیہ بارشوں کے بعد روز انہ کی بنیاد پر 50 ہزارافراد میں پکا ہوا کھانا تقسیم کررہی ہے اور اب تک کم و بیش 3 لاکھ متاثرین سیلاب میں پکے ہوئے کھانے اور پینے کیلئے صاف پانی فراہم کرچکی ہے اور ابھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ گورنر پنجاب نے دعوت اسلامی کی دینی خدمات سمیت عالمی وباء،حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال کے دوران ہونے والے فلاحی کاموں کوسراہا، بالخصوص ملک بھر میں تھیلیسیمیا اور دیگرامراض میں مبتلا مریضوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرنے کی کاوشوں پر اظہار تشکر بھی کیا۔ملاقات و بریفنگ کے بعد رکن شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے گورنر پنجاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ فیضان مدینہ آکر خوشی محسوس ہوئی اور دعوت اسلامی کے تحت دنیا بھر میں ہونے والی دینی وفلاحی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے دعوت اسلامی کی دینی و فلاحی سرگرمیوں میں اپنے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔