وفاقی حکومت کراچی کے مسائل حل کرے گی، نصرت واحد 

وفاقی حکومت کراچی کے مسائل حل کرے گی، نصرت واحد 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کے بنیادی مسائل حل کرے گی۔ سندھ حکومت اور سابق میئر شہر کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ اربوں روپے فنڈز کے باوجود بروقت نالوں کی صفائی نہ ہوسکی اور کراچی ڈوب گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق میئر کراچی وسیم اختر کی ناقص کارکردگی کے باعث کراچی موہنجودڑو بن گیا ہے۔ سڑکیں سیوریج سسٹم تباہ، پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ بلدیات کے فنڈز میں خوردبرد کی تحقیقات کیلئے نیب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ کرپشن کے خاتمے تک شہر کی تعمیر و ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی میں برسات کے بعد تباہ حال صورتحال پر افسردہ ہیں اور وہ جلد شہر کا دورہ کریں گے اور شہر کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ایک لائحہ عمل دیں گے۔ صوبائی حکومت کی نا اہلی کے باعث تاجروں کو بھی اربوں کا نقصان ہوگیا۔ 

مزید :

صفحہ آخر -