چائیلڈ پروٹیکشن بیورونے ایک سال میں 5500بھکاریوں کو تحویل میں لیا

  چائیلڈ پروٹیکشن بیورونے ایک سال میں 5500بھکاریوں کو تحویل میں لیا

  

لاہور (لیڈی رپورٹر)چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید سے انسداد گداگری کے حوالے سے ملاقات کی۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر شاہد نیاز اور ایس ایس پی آپریشن پولیس فیصل شہزاد بھی وہاں موجود تھے۔ ملاقات کے دوران بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن اور انسداد گداگری مہم کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ چیئر پرسن نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ایک سال میں تقریباً 5500بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔پی ڈی این سی ایکٹ کے تحت بھکاری بچوں کے والدین اور بھکاری مافیا کے خلاف 350مقدمات درج کروائے گئے۔

 انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران 340 بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔پولیس کے ساتھ مل کر اینٹی بیگری مہم کے تحت گرینڈ ریسکیو آپریشن کئے جائیں گے۔ سارہ احمد نے کہا کہ بھکاری بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں کم از کم ایک ماہ تک رکھا جائے گا۔ بھکاری مافیا کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو، پولیس اور سوشل ویلفیئر کی مشترکہ ٹیمیں کریک ڈاؤن میں حصہ لیں گی۔ پولیس کے ساتھ مل کر ہاٹ اسپاٹ کی نشاندھی کے بعد ریسکیو آپریشن کئے جائیں گے۔ چیئرپرسن نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد لاہور سے بھکاری مافیا اور بھکاری بچوں کا خاتمہ ہے جس کیلئے حکومت پنجاب کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ بھیک مانگنے والے بچوں کو تحویل میں لینے کے بعد سکول بھیجا جائے گا اور ان کی نفسیاتی کونسلنگ بھی کی جائے گی۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -