لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی پر متعدد ہوٹلوں اور دکانوں کے چالان

لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی پر متعدد ہوٹلوں اور دکانوں کے چالان

  

لاہور(خبرنگار)لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، دکانوں اور بیکریوں کی چیکنگ، 369 چالان متعلقہ عدالت کو بھجوا دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل محمد عامر جان اور ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر فیصل نثار کی ہدایت پر پنجاب بھر میں لیبر قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے مختلف مارکیٹوں کا معائنہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئرنارتھ ارشد محمود تارڑ نے اس ضمن میں دو ٹیمیں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز طیب ورک اور شاہد فرقان ڈوگر کی سربراہی میں تشکیل دی۔ ٹیم میں طیب ورک، شاہد فرقان ڈوگر اسسٹنٹ  ڈائریکٹرز، کاشف علی، طاہر حمید اور بابر سہیل (لیبر آفیسرز)، حافظ سہیل یاسین، رانا محمد عثمان، طاہر عدنان باجوہ اور محمد عثمان لیبر انسپکٹرز شامل تھے۔

 ٹیم نے فوڈ سٹریٹ پرانی انارکلی میں مختلف ریسٹورنٹس جن میں یاسر بروسٹ، پردیسی ریسٹورنٹس، انارکلی ریسٹورنٹ، نیو اسلام آباد ریسٹورنٹ، حاجی رحمت ریسٹورنٹ، کوئٹہ نمکین ہوٹل، سن رائز ہوٹل، پیراڈائز تکہ اینڈ فیملی ریسٹورنٹ اور دی مال پر موجودہ گولڈن چکس اینڈ کیفے، کیفے اوسطیریہ، کیفے یو فوریا، وٹ اے پراٹھا سمیت دیگر دکانوں اور بیکریوں کو چیک کیا تو ان میں لیبر قوانین ایکٹ کی خلاف ورزی پائی جانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔کم از کم اجرت، رجسٹریشن نہ ہونے اور ریکارڈ نہ بنانے پر 369 چالان کر کے متعلقہ عدالت میں جمع کروائے گئے۔لیبر قوانین پر عمل نہ کرنے والے ہوٹل، ریسٹورنٹس، دکانوں اور بیکریوں کے مالکان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی کیونکہ غریب مزدور پہلے ہی مہنگائی سے تنگ ہے اور ان حالات میں مزدور کو پوری اجرت نہ دینا ان کے ساتھ ناانصافی اور ظلم ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -