سیاسی جماعتیں عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے ڈلیور کریں،ہمایوں اختر
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ بہتر ہوتے معاشی اعشاریے اپوزیشن کے سینے پر مونگ دل رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) کی باگ ڈور سنبھالنے کیلئے جنگ عروج پر ہے ان خیالات کا اظہارا نہوں نے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام حالیہ بارشوں کے بعد کراچی میں پیدا ہونے والی بد ترین صورتحال پرکئی دہائیوں سے اقتدار میں موجود جماعت سے سوال نہ کریں تو کس سے کریں؟۔
، سیاسی جماعتوں کوعوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے ڈلیو ر کرنا ہوگا اور اس کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کی صورتحال کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سازشوں اوررکاوٹوں کے باوجود معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، حکومت قرضے اتار رہی ہے،کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل صورتحال کے باوجود ٹیکس آمدن میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس طرح کے مثبت اشاریے اپوزیشن کے سینے پر مونگ دل رہے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ انشا اللہ پانچ سال بعد تحریک انصاف کی حکومت مثبت اوربدلے ہوئے پاکستان کے ساتھ عوام کے پاس جائے گی اور عوام بہترین منصف ہیں جو یقینا ملک کی ترقی کیلئے دوبارہ عمران خان کا ساتھ دیں گے اور سازشیں کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے۔