آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز، بٹلراور آرچر کی انگلش سکواڈ میں واپسی 

آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز، بٹلراور آرچر کی انگلش سکواڈ میں واپسی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لندن(اے پی پی) پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں آرام کی غرض سے نہ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر اور وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی آسٹریلیا کے خلاف آئندہ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لئے انگلینڈ کے سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ جو روٹ کو ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ وہ آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ مارک ووڈ اور سیم کورن کو بھی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے دونوں سکواڈز میں شامل کیا گیا ہے جبکہ کرس ووکس 50 اوور کی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ثاقب محمود جو پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے  سکواڈ کا حصہ ہیں کو بھی آسٹریلیا کے خلاف سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سکواڈ کی قیادت آئن مورگن کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، جوفرا آرچر، جوناتھن بیئرسٹو، ٹام بنٹن، سیم بلنگز، جوز بٹلر، سیم کورن، ٹام کورن، جو ڈینلی، کرس جورڈن، ڈیوڈ ملان، عادل راشد اور مارک ووڈ شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں لیام لیونگ سٹون اور ثاقب محمود ہیں انگلینڈ کے ون ڈے سکواڈ کی قیادت آئن مورگن کریں گے جبکی دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، جوفرا آرچر، جوناتھن بیئرسٹو، ٹام بنٹن، سیم بلنگز، جوس بٹلر، سیم کورن، ٹام کورن، عادل راشد، جو روٹ، کرس ووکس اور مارک ووڈ شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں جو ڈینلی اور ثاقب محمود ہیں۔ انگلینڈ ٹیم کے قومی سلیکٹر ایڈ سمتھ نے کہا ہے کہ رواں موسم گرما میں آسٹریلیا کے خلاف دونوں سیریز انتہائی دلچسپ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دونوں سیریز کے لئے مضبوط سکواڈز کا انتخاب کیا ہے۔ ہم آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے بھی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20  میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 4، دوسرا 6 اور تیسرا آخری ٹی ٹونٹی میچ 8 ستمبر کو دی ایزاس باؤل میں کھیلا جاے گا جبکہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلامیچ 11، دوسرا 13 اور تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 16 ستمبر کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے تینوں میچ اولڈ ٹریفورڈ، مانچسڑ میں کھیلے جائیں گے۔