بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے فیصلہ واپس لیا جائے،شہباز شریف

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے فیصلہ واپس لیا جائے،شہباز شریف

  

 لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسے فی الفور واپس لیا جائے۔میاں شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آٹا، گندم، چینی، دوائی اور پٹرول چوری سے حواریوں کی جیبیں بھری جا رہی ہیں جبکہ غریب عوام پر ہر روز مزید بوجھ لادا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت نہ بڑھا کر ہیرو بننے کی کوشش کرنے والے بجلی کی قیمت بڑھا کر زیرو بن گئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایل این جی کی درآمد میں مجرمانہ تاخیر کی جس سے گیس کی بجائے تیل سے مہنگی بجلی پیدا ہوئی، اس کا ذمہ دار کون ہے؟لیگی صدر نے کہا کہ معیشت، کاروبار، روزگار ٹھپ ہے اور حکومت ٹیکس پر ٹیکس لگا کر عوام سے جینے کا حق چھین چکی ہے۔ حکومت پہلے ہی  بجلی، گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر چکی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ کے الیکٹرک کی مذمت کرنے والے وزیراعظم اور ان کے وزرا کس منہ سے خود مہنگی بجلی کا بم عوام پر گرا رہے ہیں۔ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، ورنہ شدید احتجاج کیا جائے گا کیونکہ ہمیں عوام کے ساتھ ظلم وزیادتی برداشت نہیں ہے۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -