’مجھے اس سانپ نے ایک ماہ میں 8 مرتبہ کاٹا، یہ میرا پیچھا کررہا ہے‘ نوعمر لڑکے نے عجیب بات کہہ دی

’مجھے اس سانپ نے ایک ماہ میں 8 مرتبہ کاٹا، یہ میرا پیچھا کررہا ہے‘ نوعمر لڑکے ...
’مجھے اس سانپ نے ایک ماہ میں 8 مرتبہ کاٹا، یہ میرا پیچھا کررہا ہے‘ نوعمر لڑکے نے عجیب بات کہہ دی

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک نوجوان کے ایک ماہ کے دوران ایک ہی سانپ سے 8بار ڈسے جانے کا ایسا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس نوجوان کا نام یش راج مشرا بتایا گیا ہے جو بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بستی کے ایک گاﺅں کا رہائشی ہے۔ اس 17سالہ نوجوان کو ایک ہی سانپ نے ایک مہینے میں 8بار ڈسا۔ اسے آٹھوں بار تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا اور ہر بار معجزانہ طور پر وہ زندہ بچ گیا۔لڑکے کا کہنا ہے کہ یہ ایک ہی سانپ ہے جو اس کا پیچھا کر رہا ہے اور ہر بار اسے ڈس لیتا ہے۔

یش راج کے باپ چندراماﺅلی مشرا نے بتایا ہے کہ ”جب میرے بیٹے کو تیسری بار اسی سانپ کے ڈسا تو میں نے اسے بہادرپور گاﺅں میں اپنے ایک رشتہ دار رام جی شکلا کے پاس بھیج دیا۔ میرا بیٹا جہاں بھی جاتا یہ سانپ اسے تلاش کرکے ڈس لیتا تھا۔اسے بہادر پور بھیجنا بھی بیکار گیا کیونکہ وہاں جانے کے تیسرے دن ہی میرے بیٹے نے رام جی شکلا کے گھر کے باہر اسی سانپ کو دیکھ لیا اوروہاں سانپ نے اسے چوتھی بار ڈس لیا۔ ہم اسے ایک بار پھر ہسپتال لے گئے اور ٹھیک ہونے پر واپس گھر لے آئے۔ اس کے بعد سے وہی سانپ چار بار مزید اسے ڈس چکا ہے۔ وہ ابھی صحت مند ہو کر گھر پہنچتا ہی ہے کہ اگلے ایک دو دن میں سانپ اسے دوبارہ ڈس لیتا ہے۔ ہم نے پوجا بھی کرائی ہے لیکن کچھ فرق نہیں پڑ رہا۔ نجانے یہ سانپ کیوں میرے بیٹے کے پیچھے پڑ گیا ہے۔“

مزید :

ڈیلی بائیٹس -