پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز کا شیڈول جاری

پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز کا شیڈول جاری
پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز کا شیڈول جاری

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے بقیہ میچز کی تاریخوں اور وینیو کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت فائنل میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کیسز کی کمی آنے اور حالات بہتر ہونے کے بعد پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 5 کے پلے آف اور فائنل میچز کی تاریخیں طے کر لی ہیں جس کے تحت پلے آف میچز 14 اور 15 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ کورونا وائرس کے باعث یہ تمام مقابلے بائیو سیکیور ببل میں کرائے جائیں گے جس کے باعث قذافی سٹیڈیم لاہور کا انتخاب کیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے مارچ میں پی ایس ایل 5 کے آخری مرحلے کے میچز ملتوی کر دئیے گئے تھے جس پر یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ بقیہ میچز کروانے کی بجائے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانز کو چیمپئن قرار دے دیا جائے تاہم اس تجویز کے حوالے سے ملاجلا ردعمل سامنے آیا اور اکثریت نے میچز کے انعقاد پر زور دیا۔ 

پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز نے طویل غور و فکر کے بعد ٹورنامنٹ کے بقیہ 4 میچز کا انعقاد کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے باعث شائقین کرکٹ میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ے اور یقینا لاہور قلندرز کے کھلاڑی بھی بہت خوش ہوں گے جنہوں نے گزشتہ چار سیزنز میں مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث پہلی مرتبہ پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ 

پی سی بی کے مطابق 14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلیمنیٹر ون میچ ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ کوالیفائر میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز مدمقابل ہوں گی جبکہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی ایلیمنیٹر ون میں پنجہ آزمائی کریں گے۔ اسی طرح ایلیمنیٹر ٹو 15 نومبر کو کھیلا جائے گا جس میں کوالیفائر کی شکست کھانے والی اور ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور جیتنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی، ایک روز آرام کے بعد 17 نومبر کو فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر میں ان میچز کے انعقاد سے شائقین کو سٹیڈیم آمد کی اجازت ملنے کا امکان بھی پیدا ہو گیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ اس وقت کی صورتحال دیکھ کر ہی کیا جائے گا تاہم اب بھی قوی امکان یہی ہے کہ کسی بھی طرح کے مسئلے سے بچنے کیلئے بائیو سیکیور ببل میں تماشائیوں کے بغیر ہی میچز کا انعقاد کیا جائے۔ 

مزید :

کھیل -