انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں عمدہ کارکردگی، محمد حفیظ اور شاہین آفریدی کو صلہ بھی مل گیا

انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں عمدہ کارکردگی، محمد حفیظ اور شاہین آفریدی کو ...
انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں عمدہ کارکردگی، محمد حفیظ اور شاہین آفریدی کو صلہ بھی مل گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)انگلینڈ کے خلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار آل راﺅنڈر محمد حفیظ اور نوجوان فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر رہنے کے سبب انگلینڈ اور پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بالترتیب دوسری اور چوتھی پوزیشن بھی برقرار ہے۔ عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

سیریز کے آخری دو میچوں میں 69 اور 86 ناٹ آﺅٹ رنز کی اننگز کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بیٹسمین محمد حفیظ 27 درجے ترقی پاکر ٹی 20 کرکٹ رینکنگ کے ٹاپ 50 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں اور 44ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اس ترقی کے بعد وہ بابراعظم اور فخر زمان کے بعد عالمی رینکنگ کی فہرست میں پاکستان کے تیسرے بہترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔

سیریز میں 56 اور 21 رنز کی اننگز کھیلنے والے بابراعظم بدستور ٹی 20 کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین ہیں تاہم انہیں 10 پوائنٹس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حالیہ رینکنگ میں 869 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم ایک روزہ کرکٹ رینکنگ میں تیسرے اور ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں بہترین بیٹسمین ہونے کے سبب اب بھی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں طرز کی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 5 بلے بازوں میں شامل ہیں۔

سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں 36 اور تیسرے میں ایک سکور بنا کر آﺅٹ ہونے والے اوپنر فخر زمان عالمی رینکنگ میں 2 درجہ تنزلی کے بعد 23ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ شعیب ملک اور افتخار احمدنے بھی تنزلی کے بعد بالترتیب 49ویں اور 94ویں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ اپنے ڈیبیو میں نصف سنچری سکور کرنے والے حیدر علی آئی سی سی کے 104 رکن ممالک کے کھلاڑیوں میں 747ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ 

کرکٹ کے سب سے محدود فارمیٹ میں باﺅلنگ رینکنگ کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے۔ بائیں ہاتھ کے باﺅلر 14 درجہ ترقی پاکر اب رینکنگ میں 20ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، ان کے ہمراہ انگلینڈ کے ٹام کیورین اور بھارت کے واشنگٹن سندر بھی 20 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

سیریز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے شاداب خان ایک درجہ ترقی پاکر اب رینکنگ میں آٹھویں بہترین باﺅلر بن گئے ہیں۔ عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہم وطن عماد وسیم اور شاداب خان کے درمیان اب صرف 14 پوائنٹس کا فاصلہ رہ گیا ہے۔

محمد عامر آٹھ درجہ تنزلی کے بعد 40ویں جبکہ وہاب ریاض 18 درجہ ترقی کے ساتھ 107ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے، مجیب الرحمان دوسرے اور آسٹریلیا کے ایشٹن اگر اور ایڈم زامپا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

مزید :

کھیل -