”بابراعظم بیٹنگ کی طرح کامیاب ترین کپتان بنیں گے“

”بابراعظم بیٹنگ کی طرح کامیاب ترین کپتان بنیں گے“
”بابراعظم بیٹنگ کی طرح کامیاب ترین کپتان بنیں گے“

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیائے کرکٹ میں اس وقت پاکستان ٹی 20 کپتان بابر اعظم کے چرچے ہیں اور ہر کوئی ان کے بیٹنگ سٹائل اور کارکردگی میں تسلسل کی تعریف کرتا ہے اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کا ماننا ہے کہ وہ بیٹنگ کی طرح کامیاب ترین کپتان ثابت ہوں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق ندیم خان نے کہا کہ بابر بہت جلد کپتان بنے ہیں اور اس وقت ٹی 20 کرکٹ کے نوجوان ترین کپتان ہیں، وہ دن بدن سیکھ رہے ہیں، کوئی بھی کرکٹر ہو اس کو چیزیں سیکھنا پڑتی ہیں اور یہی کچھ بابر اعظم کر رہے ہیں، مجھے امید ہے ایک دن بابر اعظم بیٹنگ کی طرح کپتانی میں بھی کامیاب ہوں گے، بابر اعظم کا کھیل پر کنٹرول بڑھتا جا رہا ہے اور بہتر ہو رہا ہے اسی لئے میں کہتا کہ وہ کامیاب ترین کپتان بنیں گے۔ 

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے سینئر آل راﺅنڈر محمد حفیظ کی کارکردگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی فارم اور فٹنس ثابت کی ہے، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ کھلاڑی جس عمر میں بھی ہو اگر اس کی فارم اور فٹنس ہے تو پھر کھیلنا چاہیے، یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ اس عمر میں کوئی بھی کھلاڑی ہو اس کی سکروٹنی ہر میچ میں جاری رہتی ہے۔

ندیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کیلئے کام جاری ہے، اب اگر اس سیریز کی بات کریں تو پاکستان ٹیم نے کورونا وائرس کی صورتحال میں رہتے ہوئے سب کو متاثر کیا ہے، خاص طور پر فیلڈنگ اور فٹنس کی سب نے تعریف کی ہے، کھیل سے اتنا عرصہ دور رہنے کے باوجود کھلاڑی اچھی شیپ میں دکھائی دئیے، سیریز کے دوران ماہرین کرکٹ نے پاکستان ٹیم کی بہت تعریف کی ہے۔

مزید :

کھیل -