مزے سے قلفی کھاتا پولیس اہلکار رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، کیا کچھ برآمد ہوا؟

بھکر(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے شہر بھکر میں 18ہزار روپے رشوت لینے کے الزام میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے چھاپہ مار کر ملزم کی جیب سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں اس اہلکار کی گرفتاری کے لیے کی جانے والی کارروائی دکھائی گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب اینٹی کرپشن کی ٹیم ایک آفس میں چھاپہ مارتی ہے تو وہاں بیٹھا یہ ٹریفک اہلکار مزے سے قلفی کھا رہا ہوتا ہے۔ اچانک چھاپے پر اہلکار بوکھلا جاتا ہے۔ اینٹی کرپشن کے لوگ پہلے اس کے ہاتھ سے قلفی لیتے ہیں اور پھر اس کی جیب سے رشوت کی رقم برآمد کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا جاتا ہے۔
اس ویڈیو کے ساتھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی طرف سے اپنی ٹویٹ میں لکھا گیا ہے کہ ”قلفی کھانے کا مزہ حلال کی کمائی میں ہے۔محکمہ ٹریفک پولیس بھکر کا ہیڈ کانسٹیبل محمد ادریس 18ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار۔“