پاکستان میں ایک خاتون کو سنگسار کردیاگیا

پاکستان میں ایک خاتون کو سنگسار کردیاگیا
پاکستان میں ایک خاتون کو سنگسار کردیاگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈیرہ غازی خان (مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع راجن پور کے قبائلی علاقے میں ناجائز تعلقات کے شبے میں ایک خاتون کو سنگسار کر دیا گیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق یہ ہولناک واردات چوچا بارڈر ملٹری پولیس سٹیشن کی حدود میں ہوئی۔ خاتون پر ایک غیرمرد کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا الزام عائد کیا گیا اور اس کے شوہر، دیور اور ان کے دیگر ساتھیوں نے سر میں پتھر اور ڈنڈے مار کر اسے قتل کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ خاتون سر کچلے جانے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق خاتون کو قتل کرنے کے بعد ملزمان موقع واردات سے فرار ہو گئے، جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور بارڈر ملٹری پولیس ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو سال قبل بھی شوہر کی طرف سے مقتولہ پر بدچلنی کا الزام عائد کیا گیا اور اس وقت اسے انگاروں پر چل کر اپنی بے گناہی ثابت کرنی پڑی تھی۔
ذرائع کے مطابق قبائلی علاقے میں اوس نامی ایک رسم ہے، جس میں ملزم کو دہکتے انگاروں پر ایک سانس ختم ہونے تک چلایا جاتا ہے اور پھر اس کے پائوں پانی میں ڈالے جاتے ہیں۔ اگر اس کے پیروں پر آبلے بن جائیں تو وہ مجرم قرار پاتا ہے اور اگر آبلے نہ بنیں تو اسے بے گناہ تصور کیا جاتا ہے۔ دو سال قبل اس خاتون کو انگاروں پر چلایا گیا تھا اور اس کے پیروں پر آبلے نہیں بنے تھے، چنانچہ اسے بے گناہ قرار دے کر چھوڑ دیا گیا تھا۔