مکتب اہلبیت، ظلم کیخلاف قیام کا درس دیتا ہے،علامہ جواد نقوی
کاہنہ(نامہ نگار) جامعہ عروۃالوثقیٰ میں اربعین امام حسین کی مناسبت سے ملک گیر اجتماع منعقد ہوا جس میں علماء کرام، معروف نوحہ خوان اور بلا تفریق ِمسلک و مذہب، عاشقانِ امام حسین ؓکی بڑی تعداد شریک ہوئی. "یزیدیت شکن و صہیونیت ستیز اربعین حسینی" سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی نے مکتب و تعلیمات اہلبیت کے مقابلے میں بنو امیہ کے بنائے ہوئے مذہب اور مفتیوں کی جانب سے اسکی ترویج کو مسلمانوں کی ذلت کا سبب قرار دیا، جو کسی بھی طریقے سے اقتدار میں آنے والے حکمرانوں حتی یزید جیسے فاسق و فاجر کی اطاعت کو مسلمانوں پر لازم قرار دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اسلام کے تعلیم کردہ دین کے مقابلے میں اس ذلت آمیز مذہب کی ترویج و تشریح سبب بنی ہے کہ بڑی بڑی افواج، ایٹمی طاقت رکھنے والی دو سو کروڑ مسلمانوں اور اٹھاون ممالک پر مشتمل جمعیت، 80 لاکھ یہودیوں کے سامنے ذلت سے گردن جھکائے کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس، مکتب اہلبیت، ظلم کے خلاف قیام کا درس دیتا ہے اور امام حسین اور انکے اصحاب کی قربانی کو بطور اسوہ پیش کر کے واضح کرتا ہے کہ فرعون کے مقابلے میں امت کا کام اسے دریا برد کرنا اور اس کی ناک خاک میں رگڑ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو ملت ہر ایک سے رابطہ جوڑ لے اور حسین ابن علی ؓسے اپنا تعلق کاٹ لے، وہ عزت کا دن نہیں دیکھ سکتی۔