کراچی میں سمندری طوفان کے اثرات ختم، بلوچستان میں شدید بارش، موبائل فون، انٹرنیٹ سروسز، بجلی بند، مزید بارش کی پیش گوئی 

    کراچی میں سمندری طوفان کے اثرات ختم، بلوچستان میں شدید بارش، موبائل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                                کوئٹہ، چمن،کراچی،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)بلوچستان کے شمالی علاقوں میں غیر معمولی بارش سے تباہی مچ گئی۔طوفانی بارشوں کے باعث صوبے کے کئی اضلاع میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروسز اور بجلی کی سپلائی معطل ہے، حکام نے بالائی علاقوں میں لیویز وائرلیس سسٹم کے ذریعے رابطوں کی کوشش کی۔چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں سیلاب سے باغات اورفصلوں کونقصان پہنچا ہے،  چاروں اضلاع میں کئی کلومیٹر سڑکیں، پل اور متعدد گھر ریلوں میں بہہ گئے، حادثے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔حکومتی کنٹرول روم کے مطابق قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سینکڑوں بے گھر افراد کھلے آٓسمان تلے موجود ہیں۔ چمن میں شیلا باغ کا تاریخی ریلوے ٹنل تباہ ہوگیا جبکہ سیلابی ریلوں سے ہرنائی کوئٹہ روڈ پر ٹریفک معطل ہے، نصیر آباد، جھل مگسی اور بولان کے زمینی رابطے بھی کٹ گئے ہیں۔دوسری جانب ربی کینال میں شگاف پڑنے سے درجنوں دیہات زیرِ آب آگئے جبکہ سندھ بلوچستان سرحد پر لیویز چیک پوسٹ بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ ضلع چمن میں پانی کا ریلہ ریلوے ٹنل میں داخل ہوگیا جس کے بعد ٹرین سروس غیر معینہ مدت کے لیے معطل ہوگئی۔ریلوے حکام نے بتایا کہ ریلوے ٹنل پانی کے ریلے کے ساتھ آئی والی مٹی سے بھرگئی۔ پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ 2 ستمبر سے 4 ستمبر تک جاری رہے گا، کوئٹہ،ڑوب، سبی،ہرنائی،زیارت اور کوہلو میں مو سلا دھار بارش کا امکان ہے، بارکھان لورالائی،شیرانی،دکی اور قلعہ عبداللہ میں بھی بارش متوقع ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ قلعہ سیف اللہ،خضدار،قلات،سوراب اور نصیرآباد،جھل مگسی،اوستہ محمد،ڈیرہ بگٹی، آواران،کچھی، حب اور لسبیلا میں بھی مو سلا دھار بارش ہو سکتی ہیں محکمہ موسمیات نے  بھی آج پیر سے ملک میں بارشیں برسانے والے نئے نظام کی آمد کی پیشگوئی کردی۔موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق آج صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسم گرم و مرطوب رہے گا جبکہ بارش کا آج کوئی امکان نہیں، بارشوں کا ایک نیا سپیل کل سے ملک میں داخل ہوگاکراچی میں سمندری طوفان اسنیٰ کے اثرات تقریباً ختم ہو گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان اسنی کراچی کے ساحل سے کافی آگے نکل گیا ہے، کراچی پر اس طوفان کے اثرات تقریباً ختم ہو چکے ہیں تاہم بادلوں کی موجودگی کے باعث آج بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔حکام محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں چلنے والی تیز ہواؤں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے،  تحصیل میہڑ مین تین بچے سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔میہڑ کے علاقے شاہ پنجو کے قریب دریائے سندھ کے پانی میں بچی ڈوب کر جاں بحق ہوئی جس کی شناخت 8 سالہ اختیارہ سولنگی کے نام سے ہوئی، بچی گھر کے قریب کھیل رہی تھی کہ پانی میں گر کر جاں بحق ہوگئی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال سے ہواؤں کا نیا سلسلہ 2 سے 3 ستمبر کے دوران داخل ہوگا۔مغربی لہر کا ایک الگ سلسلہ ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہوگا، خیبر پختونخوا میں 2 سے 3 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے جبکہ اسلام آباد اور وسطی و بالائی پنجاب نے مختلف علاقوں میں 2 سے 3 ستمبر کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔

بارشیں 

مزید :

صفحہ اول -