مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، کشمیریوں کا بھر پور اظہار یکجہتی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی اتوار کو تیسری برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی، برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی اور کشمیریوں نے مل کر عملی طور پر حریت رہنما کیلئے یکجہتی کا اظہار کیا۔سید علی گیلانی 1929 میں تحصیل بانڈی پورہ کے گاؤں زڑی منج میں پیدا ہوئے، مسجد وزیر خان سے ملحقہ مدرسے اور اورینٹل کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔اخبار خدمت میں رپورٹر اور پتھر مسجد سری نگر اور انٹرمیڈیٹ کالج سوپور میں استاد کے منصب پر فائز رہے۔سال 1977، 1972 اور 1987 یں مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ سیاسی کیریئر میں نیشنل کانفرنس، جماعت اسلامی اور تحریک حریت کے رکن بھی رہے۔سن 1993 میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی بنیاد رکھی اور 1998 سے 2006 تک تین مرتبہ چیئرمین منتخب ہوئے جبکہ 2015 میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت نے سید علی گیلانی کو تاحیات چیئرمن منتخب کیا۔سن 2010 سے وفات تک 11 سال غاصب ہندوستانی حکومتوں کے حکم پر نذر بند رہے۔سید علی شاہ گیلانی یکم ستمبر 2021 کو حیدرپورہ سرینگر میں خالق حقیقی سے جا ملے،۔سید علی گیلانی کا جسد خاکی پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر لحد میں اتارا گیا جبکہ قومی اسمبلی میں غائبانہ نماز جنازہ اور قومی پرچم سرنگوں کیا گیا۔سید علی شاہ گیلانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام ''جہد مسلسل ریلی '' کا انعقاد کیا گیا۔شہر کی فضا ''گیلانی تیرا قافلہ رکا نہیں جھکا نہیں '' کے نعروں سے گونجتی رہی۔ بھارت سے آزادی تک جدوجھد جاری رکھیں گے مقررین کا ریلی سے خطاب۔تحریک آزادی کشمیر کے سرخیل، قائد انقلاب سید علی شاہ گیلانی شہید کو انکے تیسرے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے پاسبان حریت کے زیرِ اہتمام دارالحکومت میں جہد مسلسل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سید علی گیلانی کی یاد میں منعقدہ ریلی کی قیادت عزیر احمد غزالی چیئرمین پاسبان، راہنما پیپلز پارٹی شوکت جاوید میر، جماعت اسلامی کے ضلعی صدر راجہ آفتاب احمد خان، مہاجرین کشمیر کے راہنماؤں راجہ محمد عارف خان، عثمان علی ہاشم، چوہدری محمد مشتاق، قاری بلال احمد فاروقی، علی محمد بٹ، عبدالحمید لون، چوہدری محمد اسماعیل، شاکر الاسلام، جہانگیر خان، راجہ سجید خان، اسلم انقلابی، کشمیر یونائیٹڈ موؤمنٹ کے راہنما قاری مقبول الرحمٰن، پیپلز پارٹی جموں کشمیر سید آصف گیلانی، سماجی راہنماؤں جاوید احمد مغل، ڈاکٹر محمد منظور سمیت دیگر راہنما کررہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے ہیں جن پر سید علی شاہ گیلانی کی تصاویر اور انکے اقوال درج ہیں۔ ریلی میں شریک شہری '' گیلانی تیرا قافلہ رکا نہیں جھکا نہیں '' '' ہم چھین کے لیں گے آزادی'' بھارت سے لیں گے آزادی'' فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء سید علی گیلانی کے معروف نعرے '' اسلام کی نسبت سے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے'' نعرے بلند کر رہے تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر اپنے پیغامات میں کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر کی تحریک آزادی کے معتبر نام کے طورپر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیدعلی گیلانی کشمیری تحریک کے عظیم رہنما تھے، سید علی گیلانی کا عوام کے حق خودارادیت پرپختہ یقین تھا اور انہوں نے پوری زندگی اس مقصد کے لیے وقف کر دی۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور سید علی گیلانی کی خودارادیت کی جدوجہد کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی مرحوم بھارتی بربریت کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے۔سید علی گیلانی مرحوم کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی مرحوم کو ان کی تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، سید علی گیلانی نے کشمیریوں کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے پیش کی جانے والی قربانیوں کو تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا، ان کی جاندار آواز نے تحریک آزادی کشمیر کو نئی روح پھونکی۔سیحریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی پر اْنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستانی اور کشمیری قوم کی جانب سے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔مشعال ملک نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک شخص کا نہیں بلکہ ایک سوچ اور انقلاب کا نام ہیسابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے سید علی گیلانی نے اپنی حریت فکر سے تحریک آزادی کشمیر کو نئی جلا بخشی،مودی سرکار 92 سالہ سید علی گیلانی سے اتنا خوفزدہ تھی کہ انہیں بیماری کے باوجود آخری سانس تک نظر بند رکھا گیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آزادی کشمیر کے لئے سید علی گیلانی کی بے مثال خدمات تاریخ آزادی کشمیر کا روشن باب ہے۔
علی گیلانی برسی