لاہور میں 1792مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد، 96مقدمات درج
لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا 24 گھنٹوں کے دوران 1792 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوچکا۔ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 96 افراد کیخلاف مقدمات درج کیے گئے تفصیلات کے مطابق انسپکشن کے دوران 51615 ہاٹ سپاٹس کو چیک کیا گیا جبکہ ڈینگی سروئلنس ٹیموں نے 5,137,665 کنٹینرز کا معائنہ کیا۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز بھی ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے متحرک ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے یو سی 120 اے بلاک میں ڈینگی ٹیموں کے کام کا معائنہ کیا اور 2 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا جبکہ ڈینگی سپرے بھی کروایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے رہائشیوں سے ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی پر براہ راست فیڈ بیک بھی لیا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا ڈینگی مہم میں فرضی کارروائیاں کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ انسداد ڈینگی کارروائیوں کی نگرانی خود کر رہا ہوں تمام ڈپٹی کمشنر الرٹ ہیں ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سروئلنس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ہاٹ سپاٹس کی کوریج کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے مزید برآں، ڈینگی وائرس کی روک تھام اور تدارک کیلئے عوام الناس کو آگاہی کی مہم بھی جاری کردی گئی۔ ڈی سی لاہور کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ لاہور کا ساتھ دیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ڈینگی