لاہور ، ٹریفک حادثات میں 4افراد جاں بحق ، میاں بیوی سمیت 5زخمی
لاہور( کرائم رپورٹر)لاہورکے مختلف علاقوں میںٹریفک حادثات کے دوران 4نوجوان جاں بحق جبکہ میاں بیوی سمیت 5افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں سول لائنز مال روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے نوجوان کو کچل دیا جو موقع پر جاں بحق ہوگیا، سول لائنز ہی کے علاقے میں تیز رفتار موٹر سائیکل درخت سے ٹکرانے کے باعث 2 دوست جان سے چلے گئے۔جاں بحق ہونےوالوں کی شناخت 16 سالہ حسنین اور 27سالہ سلیمان کے نام سے ہوئی۔سول لائنز کے علاقے میں ہی تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو ٹکر مار دی جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسکے علاوہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم فیروز پور روڈ پر بس نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیاجو موقع پر ہی دم توڑ گیا، جاں بحق 16 سالہ نوجوان کی شناخت میر ولد ندیم عمر کے نام سے ہوئی۔دوسری جانب کاہنہ میں رکشہ اور موٹر سائیکل میں ٹکر سے 3افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں عبدالرحمان نامی شخص اپنے بھتیجے علی اور زین کےساتھ قصور بابا بلھے شاہ کے عرس سے واپس آ رہا تھا کہ ایل ڈی اے گول چکر گجومتہ کے قریب تیز رفتار رکشہ نے ٹکر مار دی۔حادثے میں تین موٹرسائیکل سوار زخمی ہوگئے جنہیں انڈس ہسپتال کاہنہ منتقل کر دیا گیا، واقعہ کے بعد رکشہ ڈرائیور رکشہ سمیت موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ۔
ٹریفک حادثات