منڈیکی گورائیہ، ہیڈ بمبانوالہ خستہ حالی کاشکار، دروں میں دراڑیں پڑ گئیں
منڈیکی گورائیہ (نمائندہ پاکستان)تاریخی حیثیت کا حامل ہیڈ بمبانوالہ خستہ حالی کاشکار، 1908میں تعمیرہونیوالے ہیڈ کے دروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور مشینری زنگ آلودہ ہونے لگی ہیڈ بمبانوالہ کی تعمیر 1908میں برطانیہ کے دور حکومت میں کی گئی جس سے مختلف علاقوں کو پانی کی سپلائی مہیا کرنے کیلئے ہیڈ بمبانوالہ سے منسلک راجباہ نوکھر برانچ اور بی آر بی نہر کی بھی تعمیر کی گئی اور اس نہر کے کنارے بیدیاں کے مقام پر 12 ستمبر1965ء کی جنگ میں نشان حیدر پانے والے میجر عزیز بھٹی کی شہادت سے ہیڈ بمبانوالہ کو تاریخی حیثیت حاصل ہوگئی۔ 1908میں تعمیر کیاگیاہیڈ عدم تعمیر و مرمت کی وجہ سے اس کے دروں میں دراڑیں اور مشینری زنگ آلودہ ہورہی ہے جس کی وجہ سے اس کی خوبصورتی ماند پڑ رہی ہے۔ تنگ پل پر گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے اور ہیوی ٹریفک کے گزرنے سے پل میں لرزش آجاتی ہے جس سے کسی بڑے حادثہ کا بھی خطرہ لاحق ہے۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے تاریخی حیثیت کے حامل ہیڈ بمبانوالہ کی فوری مرمت اور کشادگی کا مطالبہ کیاہے۔s