کورین تاجرپاکستان میں9ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرینگے: قونصل جنرل

کورین تاجرپاکستان میں9ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرینگے: قونصل جنرل

کراچی (اکنامک رپورٹر) کو ریا کے قونصل جنرل چانگ ہی لی نے پاکستان کو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے پُرکشش ملک قرار یا ہے اور کہا ہے کہ اگلے دو برسوں میں کوریاکے تاجرپاکستان میں 9ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائزمرچنٹس ایسوسی ایشن ( پی سی ڈی ایم اے)کے دورے کے موقع پر ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیوکمیٹی کے ارکان سے خطاب میں کہی۔اس موقع پرپی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم ولی محمد،وائس چیئرمین زبیر ریاض،ناصرالدین فتح،شوکت ریاض ،سید شکیل احمد ،عارف بالا گام والا،شیراز چغتائی اورایگزیکٹیوکمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔کو ریا کے قونصل جنرل چانگ ہی لی نے پاکستان کیمیکلز اینڈڈائزمرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلیم ولی محمد کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وسفارتی تعلقات کے فروغ اور تجارتی وفود کے تبادلوں پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔انہوںنے مزید کہاکہ پی سی ڈی ایم اے کی سفارش پر کمرشل امپورٹرز کو ترجیحی بنیادپرویزہ جاری کیاجائے گا اور تجارتی مواقعوں کی فراہمی میں بھی بھرپور معاونت کی جائے گی۔پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائزمرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلیم ولی محمدنے کورین قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورکوریا کے مابین تجارت کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔کوریا کی پاکستان میں بڑھتی سرمایہ کاری خوش آئند ہے تاہم تجارتی توازن کوریا کے حق میں ہے۔

انہوں نے پاکستان کے معاشی امور کے ماہر ڈاکٹر محبوب الحق کی خدمات کا بھی ذکر کیا جن کے بنائے گئے تجارتی پروگرام کو اپنا کرکوریا نے شاندار معاشی ترقی کی ۔سلیم ولی محمد نے دوطرفہ جوائنٹ وینچر کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور کوریا کے درمیان جوائنٹ وینچر اور مفیدتجارتی معلومات کے تبادلے سے معاشی طور پر ترقی کی راہوں کو باآسانی ہموار کیا جاسکتا ہے۔تاہم دونوں ملکوں کو پی ٹی اے اور ایف ٹی اے پر دستخط سے متعلق پیش رفت کرنی چاہیے۔انہوں نے تجارتی وفود کے تبادلوں اور باہمی تعاون سے نمائشوں کے انعقادکی بھی تجویز دی۔پی سی ڈی ایم اے کے وائس چیئرمین زبیرریاض نے قونصل جنرل کے توسط سے کورین کمپنیوں کو پی سی ڈی ایم اے کی جون 2013میں کراچی میں منعقد ہونے والی ”کیم اینڈڈائی ٹیک ایکسپو“میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ کیمیکلز اینڈ ڈائز سیکٹر میں مشترکہ تعاون دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کا باعث ہو سکتا ہے۔انہوں نے کوریا کے سینٹرل ایشین ممالک کے ساتھ ملٹی ملین ڈالر کے ایم اویوز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ کراچی اورگوادر بندرگاہ سمیت شاہراہوں کے طویل نیٹ ورک کی وجہ سے پاکستان سینٹر ل ایشیا تک رابطے کے لیے اہم کوریڈور ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید : کامرس


loading...