تحریک انصاف نوازشریف کے مقابلے پر عورت لے آئی ،عمران خان چار نشستوں پر الیکشن لڑیں گے

تحریک انصاف نوازشریف کے مقابلے پر عورت لے آئی ،عمران خان چار نشستوں پر ...
تحریک انصاف نوازشریف کے مقابلے پر عورت لے آئی ،عمران خان چار نشستوں پر الیکشن لڑیں گے

  


اسلام آباد+لاہور(جنرل رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستا ن تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان قومی اسمبلی کی چار نشستو ںسے الیکشن لڑیں گے ، جاوید ہاشمی سابق فوجی صدر پرویز مشرف کا مقابلہ کریں گے ، نوازشریف کے مقابلے کیلئے خاتون امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے اور شیخ رشید کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ عمران خان کے کزن اور سابق رکن اسمبلی انعام اللہ نیازی کسی بھی حلقے سے الیکشن نہیں لڑ سکیں گے بلکہ ان کی جگہ پر ڈاکٹر شیر افگن نیازی کے بیٹے امجد نیازی ہی الیکشن لڑیں گے ۔پارلیمانی بورڈ کے فیصلے کے مطابق تحریک انصاف کے سربرا ہ عمران خان کو لاہور کے حلقے این اے 122،پشاور کے این اے 1،راولپنڈی کے این اے 56اورمیانوالی کے این اے 71 سے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ پارلیمانی بورڈنے خیبرپختونخوا کے قومی اسمبلی کے چھتیس حلقوں میں امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کر دیاہے ۔ این اے 172سے انعام اللہ نیازی کی اپیل مسترد کر دی گئی ہے اور شیر افگن کے بیٹے ڈاکٹر امجد نیازی کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں پنجاب کے متعدد حلقوں کے امید واروں کے نام فائنل ہو گئے ۔ بورڈ نے شاہ محمود قریشی کے چار حلقوں سے الیکشن لڑنے کی منظوری دے دی جبکہ راولپنڈی کے حلقے این اے 55سے شیخ رشید کے مقابلے میں امید وار کھڑا نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔جاوید ہاشمی اسلام آباد کے حلقے این اے48سے پرویز مشرف کے خلاف الیکشن لڑیں گے ۔ لاہور سے جنرل رپورٹر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے ضلع لاہور میں قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد لاہو ر کے قومی اسمبلی کے حلقوں کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق این اے 122 کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان امیدوار ہونگے جبکہ این اے 126 سے ان کا نام واپس لے لیاگیا ہے۔ این اے 118 میں حامد زمان پی ٹی اے کے امیدوار ہونگے۔ این اے 119 کا ٹکٹ یوتھ ونگ کے صدر محمد مدنی کو دیاگیا ہے این اے 127 سے لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کو ٹکٹ جاری کیاگیا ہے۔ این اے 120 میں مسلم لیگ ن کے صدرنوازشریف کے مقابلے میں پی ٹی اے نے ٹکٹ پی ٹی آئی پنجاب کی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد کو دیا ہے۔ این اے 121 سے سابق گورنر میاں محمد اظہر کے صاحبزادے بیرسٹر حماد اظہر ، این اے 123 سے حامد معراج کو ٹکٹ دیاگیا ہے اس طرح این اے 124 سے مفکر پاکستان کے پوتے ولید اقبال کو ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ اس حلقے سے خود کو مضبوط امیدوار سمجھنے والے جمشید اقبال چیمہ کو ٹکٹ نہیں دیاگیا۔ این اے 125 کاٹکٹ سپریم کورٹ بار کے سابق صدر حامد خان ایڈووکیٹ کو دیاگیا ہے این اے 126 کا ٹکٹ پی ٹی آئی لاہور کے سابق صدر میاں محمود الرشید کو دیاگیا ہے این اے 128 کا ٹکٹ حاجی کرامت کھوکھر کو دیاگیا ہے این اے 129 میں چودھری طالب سندھو کو ٹکٹ دیاگیا ہے جبکہ این اے 130 کے امیدوار کا فیصلہ بعد میں کیاجائے گا۔ لاہور کے صوبائی حلقوں میں بھی زیادہ تر کے ٹکٹ جاری کردیئے گئے ہیں عمران خان کے حلقہ انتخاب این اے 122 کے نیچے دو صوبائی حلقوں پی پی 147 سے ٹکٹ عبدالعلیم خان کو دیاگیا ہے جبکہ پی پی 148 سے پی ٹی آئی کے امیدوار اعجاز چودھری ہونگے اس طرح پی پی 146 کا ٹکٹ جمشید اقبال چیمہ کو دیاگیا ہے جبکہ پی پی 145 میں سابق ناظم میاں افتخار امیدوار ہونگے پی پی 155 اور 156 میں ٹکٹ احسن رشید اور فرحت عباس کو دیئے گئے ہیں اس طرح پی پی 151 اور 152 کے ٹکٹ مراد راس اور میاں فیاض کو دیئے گئے ہیں پی پی 157 کا ٹکٹ حامد سرور اور پی پی 158 سے طارق میو کو ٹکٹ دیاگیا ہے۔ 

مزید : قومی


loading...