بھارتی سپریم کورٹ نے اٹلی کے سفیر کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دیدی
نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی سپریم کورٹ نے اٹلی کے سفیر کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دیدی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اٹلی کے سفیر ڈینیل مینی کی نقل و حرکت پر پابندی 18 مارچ کو اس وقت لگائی گئی جب دو بھارتی ماہی گیروں کے قتل میں ملوث اٹلی کے دو شہری سیمی لیانولٹورے اور سلواٹورے گرینوں عدالت کی جانب سے بار بار طلبی کے باوجود پیشی سے قاصر رہے جن کی صفائی میں سفارتی حکام بھی خاطر خواہ جواب نہ دے سکے۔ بعد ازاں انہوں نے عدالت کو کہا کہ اگر انہیں ضمانت پر واپسی کی اجازت فراہم کی جائے تو وہ ان کو عدالت پیش کرنے کی پوری کوشش کرینگے جس پر عدالت نے اپنا سابق حکم واپس لیتے ہوئے اٹلی کے سفیر کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دیدی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ وہ 16 اپریل تک دارالحکومت میں ایک خصوصی عدالت کا قیام ممکن بنائیں جہاں ان ملزمان کا مقدمہ سنا جائے۔