عائشہ قذافی نے غصے میں الجزائری صدر کی قیام گاہ کو آگ لگادی
طرابلس(این این آئی)لیبیا کے مقتول صدر معمر قذافی کی الجزائر میں پناہ گزین بیٹی عائشہ قذافی نے جنوبی علاقے میں واقع ایک صدارتی قیام گاہ کو آگ لگادی ۔ عائشہ قذافی اپنی والدہ صفیہ اور دوبھائیوں کے ساتھ اگست 2011 سے الجزائر کے جنوبی علاقے میں ایک صدارتی ہاﺅس میں مقیم ہیں۔الجزائری اخبارنے ایک رپورٹ میں بتایا کہ سابق صدر کی بیٹی اکثر غصے میں ہوتی ہیں اور وہ اس حالت میں صدر ہاس میں رکھی چیزوں کو توڑتی رہتی ہیں۔ عائشہ قذافی پہلے تو صرف فرنیچر اور دوسری اشیا وغیرہ ہی کی توڑپھوڑ کرتی رہی ہیں لیکن تین روز قبل انھوں نے شدید غصے میں گھر کو آگ لگادی جس سے اس کو کافی نقصان پہنچا ہے۔اخبار کی رپورٹ میں ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انھوں نے اس سے پہلے اس سرکاری قیام گاہ کی لائبریری کے شلفیں توڑ دی تھیں اور وہاں آویزاں صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی تصاویر پھاڑ دی تھیں۔ایک واقعہ میں تو انھوں نے صدارتی محافظ پر بھی حملہ آور ہونے کی کوشش کی تھی۔اس کا قصور صرف یہ تھا کہ اس نے عائشہ کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی تھی۔