ایاز اکبر کو فوری طور رہا کیا جائے‘سید علی گیلانی
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ کشمیری حریت رہنماءسید علی گیلانی نے حریت رہنماءاور اپنی پارٹی تحریک حریت کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنماءایاز اکبر کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ شدید علیل ہیں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے جو مسلسل گھر میں نظربند ہیں سرینگر میں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاکہ ایاز اکبر کی رہائی ایک انسانی مسئلہ ہے کیونکہ ڈاکٹروں نے ان کی اہلیہ کو فوری آپریشن کرانے کی ہدایت دی ہے۔انہوںنے کہاکہ ایاز اکبر 9فروری کو دلی کی تہاڑ جیل میں محمد افضل گورو کی پھانسی کے بعد سے مسلسل نظر بند ہیں اور قابض انتظامیہ ان کی غیر قانونی نظر بندی کو طول دینے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔سید علی گیلانی نے کہاکہ ان کی سرپرستی میںقائم فورم کی قانونی ٹیم نے ایاز اکبر کی ضمانت پر رہائی کےلئے تحصیلدار سے رجوع کیا تھا تاہم اس نے اپنا کردار ادا کرنے سے معذ رت کر لی ۔ ادھر گھر میںغیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماءپیر سیف اللہ کے اہلخانہ نے ان کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔
انکا کہنا ہے کہ حریت رہنماءکو علاج معالجے کیلئے بھی گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کواپنی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کو جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا ۔