بیلٹ پیپر میں ایک خانہ خالی رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کے خواہشمند ووٹرز کے لئے بیلٹ پیپر پر انتخابی نشانات کے ساتھ ایک خالی خانہ بھی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں اجلاس میں دہری شہریت، جعلی ڈگری اور انتخابی امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپنی ڈگریوں کی تصدیق نہ کرانے والے سابق ارکان پارلیمنٹ کے نام الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کئے جائیں گے۔اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن نے حساس پولنگ اسٹیشنوں کی سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹرنگ کی بھی منظوری دی تاکہ کسی بھی قسم کی دھاندلی یا ہلڑ بازی کے ذمہ داروں کی فوری نشاندہی کی جاسکے۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ وہ ووٹرز جو اپنے حلقے کے کسی بھی امیدوار کو اہل نہ سمجھتے ہوں ان کے لئے بیلٹ پیپر میں ایک خالی خانہ چھوڑ دیا جائے تاکہ وہ اس پر ٹھپا لگا کر امیدواروں پر عدم اعتماد کا اظہار کرسکے۔