ریٹائر نہیں ہورہا، 500 ٹیسٹ وکٹیں ہدف ہے:جیمز اینڈرسن

ریٹائر نہیں ہورہا، 500 ٹیسٹ وکٹیں ہدف ہے:جیمز اینڈرسن
 ریٹائر نہیں ہورہا، 500 ٹیسٹ وکٹیں ہدف ہے:جیمز اینڈرسن

  

لندن(اے پی پی) انگلش ٹیم کے سٹار فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے نظر انداز کئے جانے پر بے حد مایوسی ہوئی، فی الوقت ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور اس وقت تمام تر توجہ 500 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے پر مرکوز ہے۔ اینڈرسن کو انگلینڈ کی جانب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے اب تک 122 ٹیسٹ میچز میں 467 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ ایلسٹرکک رواں برس دورہ بھارت کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہو گئے تھے اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ان کی جگہ جوروٹ کو ٹیم کی کپتانی سونپی تھی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کک کے مستعفی ہونے کے بعد میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے بارے سنجیدہ تھا، بورڈ کو چاہیے تھا کہ سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے میرے نام پر غور کرتے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں کیا گیا جس پر مایوسی ہوئی، مجھے ذاتی طور پر جوروٹ سے کوئی اختلاف نہیں، بلاشبہ وہ باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انگلش ٹیم کا قیمتی سرمایہ ہیں، میری ہمدردیاں ان کے ساتھ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کئی فاسٹ باؤلرز اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کر چکے ہیں اور وہ کامیاب بھی رہے لیکن مجھے حیرانگی ہے کہ اب فاسٹ باؤلرز کو زیادہ مواقع نہیں مل رہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -