پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ڈویلپمنٹ بجٹ کیلئے 5ارب مانگ لیئے
اسلام آباد(اے این این) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے آئندہ مالی سال کے ڈیولپمنٹ ونان ڈیولپمنٹ بجٹ کیلئے5ارب روپے کی خطیر رقم مانگ لی۔وزارت بین الصوبائی رابطہ امورکے ذرائع کے مطابق آئندہ مال سال کے بجٹ کیلئے جاری نئی اسکیموں کیلئے 5ارب روپے کی بجٹ تجاویز وفاقی حکومت کوارسال کی گئی ہیں، پاکستان اسپورٹس بورڈکے نان ڈیولپمنٹ کیلئے 2ارب روپے جبکہ ڈیولپمنٹ بجٹ کیلئے 3ارب روپے طلب کیے گئے ہیں، 2 ارب روپے کے نان ڈیولپمنٹ بجٹ کوپی ایس بی کے ملازمین کی تنخواہوں اوردیگرمراعات، نیشنل گیمز، قومی اسپورٹس فیڈریشن کوفنڈز کی ادائیگیوں پرخرچ کئے جائیں گے جبکہ ڈیولپمنٹ کے 3 ارب روپے کی رقم گلگت بلتستان میں اسپورٹس اسٹیڈیم سوات میں ہاکی ٹرف، مالم جبہ میں زیرتعمیر اسکی سلوپ پرخرچ ہوگی۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سینئر فنانس آفیسر نے کہا ہے کہ حکومتی پالسیی کے تحت پاکستان اسپورٹس بورڈکا قیام عمل میں لایاگیا ہے، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس سمیت لاہور،کراچی،پشاوراورکوئٹہ میں کوچنگ سینٹر قائم ہیں، ان کوچنگ سینٹر میں قومی فیڈریشن کے تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ عالمی کھیلوں کے مقابلوں میں مثبت نتائج کا نہ ہونا فنڈزاوربجٹ کی کمی ہے، اگر بجٹ زیادہ ہوگا توہم بہتر انداز میں کھلاڑیوں کوبین الاقوامی مقابلوں میں مواقع فراہم کرسکیں گے۔