فیصل آبا چیمبر کے سی پیک سیل میں چینی زبان کے کورس کا باضابطہ افتتاح

فیصل آبا چیمبر کے سی پیک سیل میں چینی زبان کے کورس کا باضابطہ افتتاح

  

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) پاک چین مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مسٹر وانگ زی ہائی نے فیصل آباد چیمبرکے سی پیک سیل میں چینی زبان کے کورس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے سی پیک سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر اور خاص طور پر سی پیک کمیٹی کے چیئرمین انجینئر احمد حسن اور ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ایم ڈی طاہر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے جسے بجا طور پر ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے بھی گہری قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوستی کے باوجود ابھی تک دونوں ملک ان ابھرتی ہوئی معیشتوں سے پوری طرح معاشی فوائد حاصل نہیں کر سکے اور اس سمت میں مزید پیش رفت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس سلسلہ میں سب سے بڑی رکاوٹ زبان کی ہے جسے دور کرنے کیلئے چینی زبان کے کورس شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر میں ان کورسوں کے انعقاد سے دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی اور اس طرح صنعتی شعبہ میں مشترکہ صنعتی منصوبے شروع کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پاک چین مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کیلئے مزید اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔ اس سلسلہ میں دس ہزار چینی الفاظ پر مشتمل ایک ڈکشنری بھی شائع کی گئی ہے جس سے تاجروں اور صنعتکاروں کے باہمی تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔ اس سے قبل ایم ڈی طاہر نے چینی زبان میں استقبالیہ کلمات کہے جسے مسٹر وانگ زی ہائی نے بہت سراہا۔ انہوں نے چینی زبان کا کورس شروع کرنے کیلئے تعاون کرنے پر مسٹر وانگ اور پاک چین مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ باہمی تعاون سے دونوں ملکوں کے درمیان بڑے پیمانے پر مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی بھی راہ ہموار ہوگی۔ بعد میں مسٹر وانگ نے انہیں انگریزی سے چینی اور اردو کی ڈکشنری کا پہلا ایڈیشن بھی پیش کیا۔

مزید :

کامرس -