تمام ٹاؤنوں میں ٹماٹر سے بھرے ٹرک پہنچا دیے گئے،70روپے کلو فروخت
لاہور( جنرل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ساتھ ملکر شہر کے 9ٹاؤنز میں ٹماٹر سے بھرے ٹرک کھڑے کر کے عوام الناس کو 70روپے فی کلو کے حساب سے ٹماٹر کی فروخت کو یقینی بنایا ہے۔ عوام الناس کی ایک بڑی تعداد نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھڑے کئے جانے والے ٹرکوں پر آکر ٹماٹر کی بھر پور خریداری کی اور انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ لاہور کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے بھی شہر کی سبزی کی دکانوں پر 75روپے فی کلو ٹماٹر اور دیگر اشیاء ضروریہ کو ان کے مقررہ ریٹس پر فروخت کو یقینی بنایااور گراں فروشوں کے خلاف کاروائیاں کیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 9ٹاؤنز میں داتا گنج بخش ٹاؤن میں کریم پارک ،راوی ٹاؤن میں شاہدرہ میں،عزیز بھٹی ٹاؤن میں چوہنگی ددگیج ،شالیمار ٹاؤن میں کو آپریٹو سٹور ،واہگہ ٹاؤن میں بیدیاں روڈ ،گلبر گ ٹاؤن میں فیصل ٹاؤن میں،نشتر ٹاؤن میں گرین ٹاؤن ،اقبال ٹاؤن میں واپڈا ٹاؤن گول چکر ،سمن آباد ٹاؤن میں مون مارکیٹ میں عوام الناس کی سہولت کے لئے ٹماٹر سے بھرے ہوئے ٹرک کھڑے کئے گئے تھے۔