یوریشیا میڈیکل ایکسپو کانفرنس ہیلتھ سسٹم بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی، سلمان رفیق

یوریشیا میڈیکل ایکسپو کانفرنس ہیلتھ سسٹم بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی، ...

  

لاہور( جنرل رپورٹر) وزیر برائے سپیشلائزہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ترکی میں منعقدہ یوریشیا میڈیکل ایکسپو کانفرنس اور میڈیکل فیئرترقی پذیر ممالک کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے میں بہت مددگار ثابت ہوگا اور اس انٹرنیشنل کانفرنس میں شریک ممالک کے طبی ماہرین کو بین الاقوامی سطح پرصحت کے شعبہ میں تعاون اورانڈرسٹینڈنگ ڈویلپ کرنے میں بہت مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بات ترکی میں منعقدہ یوریشیامیڈیکل ایکسپو کانفرنس سے خطاب اورکانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے وزرائے صحت سے گفتگو کے دوران کہی۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ دنیا گلوبل ویلیج بن گئی ہے اور اب کسی ایک ملک یا قوم کا مسئلہ انفرادی نہیں رہا ۔انہوں نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام کے لئے بین الاقوامی سطح پر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیرصحت پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں پولیو ،خسرہ اورڈینگی جیسی بیماریوں کی روک تھام اور ان پر قابو پانے میں دوست ممالک نے بہت مدد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا ای پی آئی پروگرام نہایت کامیاب رہا ہے۔ ایکسپومیڈیکل یوریشیا کانفرنس میں سعودی عرب، بحرین، کرغستان،آذربائیجان،قازکستان،مڈغاسکر، کوسوواور دیگر ممالک کے وزرائے صحت اورطبی ماہرین شرکت کررہے ہیں۔دریں اثناء وزیرصحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ترکی کے وزیر صحت ڈاکٹر رجب اکدگ (Dr.Racep Akdag)سے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور وزارت صحت ترکی اور پنجاب کے محکمہ صحت کے درمیان جاری قریبی تعاون کومزید فروغ دینے پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں ہیلتھ سیکٹرڈویلپمنٹ اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پراربوں روپے خرچ کرنے کے علاوہ انتظامی اصلاحات بھی کی جارہی ہیں۔انہوں نے ترکی کے طبی ماہرین کی جانب سے پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر ڈویلپمنٹ انفیکشن کنٹرول ، ایمرجنسی سروسز کو بہتر بنانے ، موٹربائیک ایمبولنسس سروس کے اجراء ، فیملی میڈیسن ، کولڈ چین مینجمنٹ اور ویئرہاؤسز کے شعبہ میں مدد و رہنمائی فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے سعودی عرب ، کوسوو، بحرین ، آذربائیجان اور دیگر ممالک کے وزرائے صحت سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستانی وفد کے ارکان ڈاکٹر سہیل ثقلین، ڈاکٹر نعیم الدین میاں،ایم ڈی پی ایس پی یو محمد خان رانجھا اور ممبر پی اینڈ ڈی آغا وقار جاوید بھی موجودتھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -