بے بنیادالزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، رانا ارشد

بے بنیادالزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، رانا ارشد

  

لاہور( جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد نے کہا کہ دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے محل بنائے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے قومی وسائل کی لوٹ مار کرکے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیادالزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ ان لوگوں نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے عام آدمی کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی اور اب ان عناصر کو خوف ہے کہ شفاف ترین منصوبے مکمل ہونے سے ان کی رہی سہی سیاست بھی دفن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہمیشہ بہتان طرازی اور منفی سیاست کو شکست دی ہے اور باشعور عوام ترقی و خوشحالی کی مخالفت کی سیاست کرنے والوں کو 2018 کے عام انتخابات میں بری طرح شکست دیں گے اور یہ عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں بے لوث عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جاری سال عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عوام نے ہر موقع پر رد کیا ہے۔ملک میں الزام تراشی کی نہیں، صرف خدمت کی سیاست ہوگی۔ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک سانس میں سانس ہے، عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اوراسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں اور تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں شفافیت اور ترقی کے اونچے برج قائم کئے گئے ہیں اورقیام پاکستان سے لیکر آج تک ستر برسوں کے دوران منصوبوں پر اتنی تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی۔پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی۔ شکست خوردہ عناصر کو ملک و قوم کے مفاد کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -