جے یو آئی (ف) کی صد سالہ تقریبات: صدر اوروزیراعظم کو شرکت کی دعوت
اسلام آباد (آئی این پی) صدر ممنون حسین کو جمعیت علماء اسلام (ف) کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دیدی گئی‘ صدر مملکت کی 9اپریل کو بین الاقوامی اجتماع میں شرکت متوقع ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف‘ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ‘ سابق صدر پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری‘ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق‘ صدر(ق) لیگ چوہدری شجاعت حسین‘ صدرعوامی نیشنل پارٹی اسفند یار ولی ، آفتاب شیرپاؤ اور ملک کی تمام دینی جماعتوں کے قائدین کو اجتماع میں مدعو کرلیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں ہر صورت اجتماع میں شرکت یقینی بنانے کی خواہش ظاہر کردی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی امام کعبہ کے ہمراہ 7اپریل کو اجتماع میں شرکت متوقع ہے۔ شہباز شریف‘ چوہدری شجاعت ، سراج الحق‘ لیاقت بلوچ سے جمعیت علماء اسلام کے وفود نے ملاقات کرکے باقاعدہ طور پر دعوت دی، اسی طرح دیگر جماعتوں کے قائدین سے بھی رابطے کرکے انہیں بھی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی گئی،لاہور‘ کراچی اور کوئٹہ سے ٹرینیں بک کرلی گئی ہیں جبکہ اہم شخصیات نے کراچی سے اجتماع کیلئے طیارہ بھی بک کرلیا ہے جو چھ اپریل کو پشاور پہنچے گا جہاں سے یہ مہمان اضا خیل نوشہرہ آئیں گے۔